کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) سعودی عرب نے اپنے وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام (VSRP) 2026 کے لیے باقاعدہ طور پر درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ مکمل طور پر فنڈڈ بین الاقوامی تحقیقی انٹرن شپ پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کے لیے کھلا ہے۔
یونیورسٹی کے مطابق یہ پروگرام باصلاحیت طلبہ کو دنیا کے نمایاں سائنسی و تکنیکی اداروں میں عملی تحقیق کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں وہ تجربہ کار فیکلٹی ممبران کی نگرانی میں جدید تحقیقی منصوبوں پر کام کر سکیں گے۔ اس انٹرن شپ کی مدت 3 سے 6 ماہ ہوگی۔
منتخب طلبہ کو ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آنے جانے کے لیے راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید لیبارٹریز و تحقیقی سہولیات تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔
VSRP 2026 پروگرام سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے۔ ان میں کمپیوٹر سائنس، مختلف انجینئرنگ ڈسپلنز، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔ پروگرام میں شرکا کو عالمی معیار کی تحقیق اور جدید سائنسی طریقہ کار سیکھنے کا عملی موقع ملے گا۔
اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ درخواست دہندہ انڈرگریجویٹ پروگرام کے کم از کم تیسرے سال میں ہو یا ماسٹرز کا طالب علم ہو، جبکہ کم از کم جی پی اے 3.5 ہونا چاہیے۔ اس میں تمام ممالک کے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اہلیت کے لیے انگریزی زبان پر عبور ضروری ہے تاہم IELTS یا TOEFL لازمی شرط نہیں ہے۔ پی ایچ ڈی کے طلبہ، KAUST کے موجودہ یا سابق طلبہ اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
درخواست آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائے گی۔ اس کے لیے تازہ ترین سی وی یا ریزیومے، سرکاری تعلیمی ٹرانسکرپٹ (انگریزی یا عربی میں)، ایک سفارشی خط، ذاتی بیان اور کارآمد پاسپورٹ کی نقل درکار ہوگی۔
یونیورسٹی کے مطابق درخواستیں سال بھر وصول کی جاتی ہیں تاکہ طلبہ اپنے تعلیمی شیڈول کے مطابق اپلائی کر سکیں۔ شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو عام طور پر چند ہفتوں میں اطلاع دے دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ KAUST کا وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام عالمی سطح پر ایک باوقار موقع سمجھا جاتا ہے، جو نہ صرف تحقیقی مہارتوں کو بہتر بناتا ہے بلکہ بین الاقوامی تعلیمی روابط مضبوط کرنے اور مستقبل میں سائنسی کیریئر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
- دلچسپی رکھنے والے امیدوار KAUST کی سرکاری VSRP ویب سائٹ وزٹ کریں۔
آن لائن پورٹل پر اکاؤنٹ بنائیں، جس میں ذاتی و تعلیمی معلومات مکمل کریں۔
تمام مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں۔
اپنی دلچسپی کے تحقیقی شعبہ جات کا انتخاب کریں۔
درخواست جمع کرائیں۔