ریاض میں کنگ عبد العزیز عجائب گھر نے آذربائیجانی آرکائیو میں عربی مخطوطات کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کیا ہے۔
یہ نمائش آذربائیجان اکیڈمی آف سائنسز کے ماتحت محمد فضولی مخطوطات انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق افتتاحی تقریب میں عجائب گھر کے چیف ایگزیکٹو ترکی بن محمد الشویعر اور سعودی عرب میں آذربائیجان کے سفیر متلم بن صابر مرزایف نے شرکت کی ہے۔
یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و علمی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی آرکائیوز میں عرب علمی ورثے کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
نمائش میں آذربائیجانی آرکائیو میں محفوظ منتخب عربی مخطوطات پیش کیے گئے ہیں، جو عرب دنیا اور دیگر علمی و ثقافتی مراکز کے درمیان گہرے علمی تبادلے کی عکاسی کرتے ہیں، نیز علوم، ادب اور انسانی معارف میں عرب علما و مصنفین کی خدمات کو نمایاں کرتے ہیں۔
نمائش میں تاریخی و دستاویزی اہمیت کے حامل نادر مخطوطات بھی شامل ہیں جو علم کی ترسیل کے مختلف ادوار اور فکری و تہذیبی تاریخ کو سمجھنے میں بنیادی ماخذ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
نمائش اتوار کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک، پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک جبکہ اختتامِ ہفتہ پر شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک زائرین کے لیے کھلی رہے گی۔