سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر 2025ء کے دوران صنعتی پیداوار کے اشاریے میں سالانہ بنیاد پر 8.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دسمبر 2024ء کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ ماہانہ بنیاد پر یہ اشاریہ نومبر 2025ء کے مقابلے میں معمولی طور پر 0.1 فیصد کم رہا۔
مزید پڑھیں
اتھارٹی کے مطابق صنعتی پیداوار میں یہ اضافہ بنیادی طور پر کان کنی اور معدنیات کے شعبے، مینوفیکچرنگ انڈسٹری، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور کچرے کے انتظام سے متعلق سرگرمیوں میں بہتری کی بدولت ہوا، جنہوں نے مجموعی اشاریے کو خاطر خواہ سہارا دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کان کنی اور معدنیات کے شعبے کا ذیلی اشاریہ سالانہ بنیاد پر 13.2 فیصد بڑھا، جس کی بڑی وجہ دسمبر 2025ء میں
تیل کی پیداوار کا بڑھ کر یومیہ 10.1 ملین بیرل تک پہنچنا ہے، جبکہ دسمبر 2024ء میں تیل کی پیداوار 8.9 ملین بیرل یومیہ تھی، اس شعبے میں ماہانہ بنیاد پر بھی 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے ذیلی اشاریے میں سالانہ بنیاد پر 3.2 فیصد اضافہ ہوا، جس میں خاص طور پر کیمیکل اور کیمیکل مصنوعات کی تیاری 13.4 فیصد اور غذائی مصنوعات کی تیاری 7.3 فیصد بڑھی، جبکہ ماہانہ بنیاد پر مینوفیکچرنگ کا اشاریہ 0.3 فیصد بڑھا، جس کی وجہ کیمیکل مصنوعات میں 2.8 فیصد اور غذائی مصنوعات میں 9.6 فیصد اضافہ رہا۔
اتھارٹی نے بتایا کہ بجلی، گیس، بھاپ اور ایئر کنڈیشننگ کی فراہمی سے متعلق شعبے کا اشاریہ سالانہ بنیاد پر 2.5 فیصد کم ہوا، جبکہ پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور کچرے کے انتظام سے متعلق سرگرمیوں کا اشاریہ دسمبر 2024ء کے مقابلے میں 9.4 فیصد بڑھا، تاہم ماہانہ بنیاد پر بجلی اور گیس کا اشاریہ 13.1 فیصد اور پانی و نکاسی آب کا اشاریہ 7.2 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025ء میں تیل سے متعلق سرگرمیوں کے اشاریے میں سالانہ بنیاد پر 10.1 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ غیر تیل سرگرمیوں میں 5.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہانہ بنیاد پر تیل سرگرمیوں میں 0.3 فیصد کمی اور غیر تیل سرگرمیوں میں 0.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو نومبر 2025 کے مقابلے کی بنیاد پر ہے۔