رمضان المبارک کا چاند آئندہ منگل کو غروبِ آفتاب کے دو منٹ بعد تک دکھائی دے گا۔
المجمعۃ فلکیاتی رسد گاہ (حوطہ سدیر) نے رمضان المبارک 1447ھ کے ہلال کی رویت سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق مرکزی اقتران (Conjunction ) منگل 29 شعبان 1447ھ، بمطابق 17 فروری 2026 کو دوپہر 3 بج کر 03 منٹ پر دارالحکومت ریاض کے وقت کے مطابق واقع ہوگا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اُس روز مکہ مکرمہ میں سورج شام 6 بج کر 19 منٹ پر غروب ہوگا، جبکہ ہلال شام 6 بج کر 23 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ چاند، غروب آفتاب کے بعد صرف چند منٹ ہی کے لیے افق پر موجود رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق رسد گاہ کے مقام پر سورج شام 5 بج کر 52 منٹ پر غروب ہوگا، جبکہ چاند اس کے بعد شام 5 بج کر 54 منٹ پر غروب ہوگا،
جس کا مطلب ہے کہ چاند، سورج غروب ہونے کے بعد صرف 2 منٹ تک افق پر موجود رہے گا۔
ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق چاند کی اونچائی صرف 0.5 ڈگری ہوگی، جبکہ سورج سے اس کی زاویائی دوری 1.61 ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے، جو رویت کے امکانات کے حوالے سے نہایت محدود صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان سائنسی و فلکیاتی حسابات کی روشنی میں مرصد المجمعۃ منگل کی شام ان شا اللہ رمضان المبارک کے چاند کی باقاعدہ رویت کے لیے مشاہدہ کرے گا تاکہ ماہِ صیام کے آغاز سے متعلق درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔