خالد نواز چیمہ
جدہ
پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول کی جانب سے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کے اعزاز میں عشائیہ منعقد کیا گیا۔
تقریب میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر، پریس قونصلر عرفان چوہدری، نائب صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری غلام مصطفیٰ گجر، فنانس سیکرٹری راجہ محمد ریاض، قونصلیٹ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان سمیت متعدد اہم سیاسی، سماجی اور تجارتی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی احمد حسن مٹو نے کہا کہ سعودی عرب ایک وسیع، مستحکم اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں گجرات سمیت پاکستان کی مصنوعات کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی برآمدات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں سعودی عرب یورپ کے مقابلے میں کہیں زیادہ منافع بخش مارکیٹ بن چکا ہے، لہٰذا پاکستانی تاجروں کو چاہیے کہ وہ اپنی توجہ مشرقِ وسطیٰ بالخصوص سعودی عرب پر مرکوز کریں۔
کمرشل قونصلر سعدیہ خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب میں پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کی جائے گی۔
صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول نے دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان مضبوط اور پائیدار روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکا نے پاک سعودی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے، باہمی سرمایہ کاری بڑھانے اور مشترکہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔