اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

ریپڈ سپورٹ فورسز کے سوڈان میں حملوں کی شدید مذمت

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
یہ حملے کسی بھی صورت قابلِ جواز نہیں ( فوٹو: سبق)

سعودی عرب کی جانب سے سوڈان کی ریاستوں شمالی اور جنوبی کردفان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کی طرف سے کیے گئے مجرمانہ حملوں کی سخت الفاظ میں بھرپور مذمت کی ہے۔ 

ان حملوں میں الکوئک فوجی اسپتال، عالمی غذائی پروگرام سے وابستہ امدادی قافلے اور بے گھر شہریوں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے مذمتی اعلامیہ میں واضح کیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں درجنوں نہتے شہری جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ علاقے میں کام کرنے والی امدادی تنصیبات اور قافلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں قابلِ جواز نہیں اور یہ تمام انسانی اقدار اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

سعودی عرب نے مطالبہ کیا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرے اور بین الاقوامی و انسانی قوانین کے مطابق اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے امدادی سامان کو مستحقین تک محفوظ رسائی فراہم کرے نیز 11 مئی 2023 کو دستخط شدہ جدہ اعلامیہ ’سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کے عزم‘ کی پاسداری کرے۔

سعودی عرب نے ایک بار پھر سوڈان کی وحدت، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، اس کی جائز ریاستی اداروں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا، بیرونی مداخلت کو مسترد کیا اور بعض فریقوں کی جانب سے سیاسی حل کی حمایت کے دعوؤں کے باوجود غیر قانونی اسلحے، کرائے کے فوجیوں اور غیر ملکی جنگجوؤں کی ترسیل کے تسلسل کی مذمت کی۔

وزارت نے نشاندہی کی کہ اس طرح کا طرزِ عمل تنازعے کو طول دینے کا ایک بڑا سبب ہے اور برادر سوڈانی عوام کی تکالیف میں اضافے کا موجب بن رہا ہے۔