اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

سعودی عرب اور شام میں 40 ارب ریال مالیت کے 80 تاریخی معاہدے

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: سانا)

سعودی عرب اور شام کے درمیان 80 تاریخی معاہدے طے پائے ہیں، جن میں سرمایہ کاری کی مالیت 40 ارب ریال سے بھی زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں

سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح نے اعلان کیا ہے کہ مملکت اور شام کے درمیان مختلف اہم شعبوں میں 80 اسٹریٹیجک معاہدے طے پا گئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 40 ارب ریال سے زائد ہے۔

یہ معاہدے سرمایہ کاری، ہوابازی، ہوائی اڈوں، توانائی، پانی، مواصلات اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر سمیت متعدد اہم شعبوں میں کیے گئے ہیں، 

جسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک نمایاں اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیر سرمایہ کاری نے شام کے ساتھ اقتصادی ترقی اور شراکت داری کے عمل میں مملکت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدے دوطرفہ سرمایہ کاری تعلقات میں ایک نئی سمت کا تعین کرتے ہیں جو شامی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائیدار ترقی کے مواقع پیدا کریں گے۔

saudi syria agreements 4
(فوٹو: سانا)

خالد الفالح نے شام میں سعودی سرمایہ کاری کے لیے ’ایلاف‘ کے نام سے خصوصی سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ترقی ایک نمایاں منصوبہ ہوگا، جس پر تقریباً 7 ارب ریال لاگت آئے گی ۔ اس کا مقصد ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نقل و حمل و سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے دمشق میں ’ناس سوریہ ‘ کے نام سے ایک نئی ایئرلائن کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد سعودی عرب اور شام کے درمیان فضائی روابط کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور لاجسٹک سرگرمیوں کو تقویت دینا ہے۔

saudi syria agreements 3
(فوٹو: سانا)

وزیر سرمایہ کاری کے مطابق مملکت پانی اور توانائی کے شعبوں کی معاونت کے لیے بھی شام کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرے گی، جو اسٹریٹیجک معاہدوں کے اِس پیکیج کا حصہ ہوں گے، جبکہ ’سنک لنک‘ منصوبے سے متعلق معاہدہ شام کے ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور ٹیلی کمیونی کیشن خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اُدھر شامی سرمایہ کاری اتھارٹی کے سربراہ طلال الہلالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے اسٹریٹیجک معاہدے شامی شہریوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے، کیونکہ ان کے ذریعے بنیادی خدمات میں بہتری اور پیداواری شعبوں کا فروغ ممکن ہو گا۔

saudi syria agreements 5
(فوٹو: سانا)

انہوں نے حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ترقی کے معاہدے کو سرمایہ کاری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے شام کا علاقائی منڈیوں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

طلال الہلالی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بین الاقوامی شراکت داریوں کے باعث شام میں بجلی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جبکہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون ان کوششوں کو مزید تقویت دے گا اور توانائی کے شعبے کے استحکام میں مدد فراہم کرے گا۔

saudi syria agreements 6
(فوٹو: سانا)

شام کے وزیر مواصلات نے کہا کہ گزشتہ 15 برس کے دوران ملک میں مواصلاتی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے، تاہم نئی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی ترقی سے متعلق معاہدے اس مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔

اِسی تناظر میں شامی وزیر توانائی نے سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے اسٹریٹیجک معاہدوں کو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے عرصے میں یہ منصوبے توانائی اور پانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مزید وسیع مواقع پیدا کریں گے۔

saudi syria agreements 7
(فوٹو؛ سانا)