زندگی کے سفر میں سب سے مشکل مرحلہ کسی چیز، رشتے یا خیال کو الوداع کہنا ہوتا ہے۔ درحقیقت، انسان کی ذہنی و جذباتی الجھنوں کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ ان چیزوں سے چمٹا رہتا ہے جن کا وقت ختم ہو چکا ہوتا ہے۔ خواہ وہ ماضی ہو، کوئی ناکام خواب یا کوئی تصور۔
العربیہ کے مطابق Marc & Angel کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روزمرہ زندگی میں انسانی مایوسی کی سب سے عام وجہ یہی ضد ہے کہ حالات کو ویسا ہی ہونا چاہیے جیسا ہم نے سوچ رکھا تھا اور جب ایسا نہیں ہوتا تو ہم خود اپنی زندگی کو مزید پیچیدہ بنا لیتے ہیں۔
1۔ فرض کی گئی صورتِ حال کے انتظار میں حقیقت سے منہ موڑنا
اکثر لوگ محض ایک ’فرض کی گئی‘صورت حال کے انتظار میں موجودہ حقیقت کو قبول نہیں کر پاتے۔ حالانکہ مایوسی اور الجھن کو اگر درست زاویے سے دیکھا جائے تو یہ خود کو بہتر بنانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ غصے کے بجائے سیکھنے، بے چینی کے بجائے عملی قدم اور شک کے بجائے یقین کو اپنانا زیادہ سودمند ہوتا ہے۔
ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ حالات ہمیشہ ہمارے اختیار میں نہیں ہوتے، مگر ان پر ہمارا ردعمل ہماری زندگی کی سمت طے کرتا ہے۔
2۔ ماضی میں الجھ کر حال کو نظرانداز کرنا
انسان اور زندگی دونوں مسلسل بدلتے رہتے ہیں۔ یہ تو طے ہے کہ ہر واقعے پر ہمارا کنٹرول نہیں ہوتا، لیکن ہم اپنے نقطۂ نظر کو ضرور بدل سکتے ہیں۔ ماضی سے سیکھنا ضروری ہے، مگر اس میں قید ہو جانا ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔ اس حقیقت کو جلد از جلد قبول کرلینا چاہیے کہ ہمارا ہر دن ایک نئے خیال، ایک نئی کوشش اور ایک نئی شروعات کی گنجائش رکھتا ہے۔
3۔ پرانی غلطیاں اور خود کو مجرم سمجھنا
زندگی میں غلط فیصلے، نادان لمحے اور غیر اِرادی طور پر دوسروں یا خود کو نقصان پہنچانا ایک فطری عمل ہے۔
اصل مسئلہ غلطی نہیں بلکہ خود کو کبھی معاف نہ کر پانا ہے۔ یہ تمام تجربات دراصل سبق ہوتے ہیں جو انسان کو ذہنی پختگی اور ذاتی نشوونما کی طرف لے جاتے ہیں۔
4۔ ناقابلِ تبدیل معاملات کو بدلنے کی خواہش
یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ہر مسئلہ حل طلب نہیں ہوتا۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ توانائی وہاں صرف کی جائے جہاں تبدیلی ممکن ہو۔
اگر کسی مسئلے کا حل موجود ہے تو کوشش کی جائے اور اگر نہیں تو اسے قبول کر کے سوچ کا زاویہ بدلا جائے۔ زندگی کے بعض طاقتور لمحے وہی ہوتے ہیں جب انسان کسی ایسی چیز کو چھوڑ دیتا ہے جسے بدلنا اس کے اختیار میں نہیں۔
5۔ درست وقت آنے کا غلط انتظار
بہت سے لوگ زندگی میں ’درست وقت‘ یا ’مکمل منصوبے‘ کے انتظار میں قدم ہی نہیں بڑھاتے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ راستے انتظار سے نہیں بنتے بلکہ چلنے سے بنتے ہیں۔ موجودہ حالات شاذ و نادر ہی آگے بڑھنے سے روکتے ہیں جب کہ ترقی ہمیشہ چھوٹے، مسلسل قدموں سے ممکن ہوتی ہے۔
6۔ حد سے زیادہ آرام دہ ماحول کی طلب
تبدیلی کا وقت آئے تو بے آرامی کا سامنا ہونا فطری بات ہے۔ یہی عمل ترقی کا حصہ ہے۔ بعض اوقات بھرپور کوشش کے باوجود نتائج مایوس کن ہو سکتے ہیں، مگر یہ طے ہے کہ کوئی بھی محنت ضائع نہیں جاتی۔ مسلسل جدوجہد انسان کو ذہنی طور پر مضبوط، تجربہ کار اور مستقبل کے لیے زیادہ تیار بنا دیتی ہے۔
7۔ بناوٹی شخصیت کے سراب میں رہنا
ایسے تعلقات جن میں انسان کو اپنی اصل شخصیت چھپانی پڑے، اور بناوٹی شخصیت کا اظہار کرنا پڑے، وقت کے ساتھ ساتھ بوجھ بن جاتے ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ انسان خود کو جیسا ہے ویسا ہی پیش کرے، خواہ اس کی آواز لرز ہی کیوں نہ رہی ہو۔
طویل مدت تک بناوٹی شخصیت کے ساتھ کسی کو سہارا بنائے رکھنے سے بہتر اسے حقیقت دکھا کر چھوڑ دینا ہے۔
8۔ ادھورے اور بند نہ ہونے والے ابواب
زندگی میں بہت سے لوگ آتے ہیں۔ کچھ ہمیشہ کے لیے اور کچھ صرف چند مراحل تک۔ بعض رشتے پوری کہانی ہوتے ہیں اور بعض محض چند ابواب۔
ان سب کا ختم ہونا برا نہیں ہوتا۔ اصل دانائی یہ ہے کہ انسان پہچان لے کب کس باب کو بند کرنا ہے، صفحہ پلٹنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔
ہمیشہ یاد رکھیں کہ زندگی میں خوشی اور سکون کا انحصار صرف حاصل کرنے پر نہیں بلکہ بروقت چھوڑ دینے پر بھی ہے۔ جو لوگ ماضی، غلطیوں، وہموں اور غیرضروری وابستگیوں سے بروقت نجات پا لیتے ہیں، وہی آگے بڑھنے کی حقیقی طاقت حاصل کرتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ اصل آزادی اسی لمحے شروع ہوتی ہے جب انسان یہ سیکھ لیتا ہے کہ ہر چیز کو تھامے رکھنا ضروری نہیں۔