مملکت کی بری، بحری اور فضائی کسٹمز چوکیوں پر ایک ہفتے کے دوران 1455 ممنوع اشیا کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا۔
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق یہ اقدامات زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے ملکی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور معاشرے کو ہر قسم کی ممنوع اشیا سے محفوظ رکھنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
ضبط کی گئی اشیا میں منشیات کی 80 اقسام، جن میں حشیش، کوکین، ہیروئن، شبو، کیپٹاگون گولیاں اور دیگر نشہ آور اشیا شامل ہیں، جبکہ اس کے علاوہ 536 مختلف اقسام کی دیگر ممنوع اشیا بھی پکڑی گئیں۔
کسٹمز حکام نے اس دوران تمباکو اور اسی قبیل کی دیگر مصنوعات کے 2552 اسمگلنگ کے کیسز ناکام بنائے، جبکہ غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی نقد رقوم کے 6 واقعات اور اسلحہ و اس سے متعلق سازوسامان کی 12 اقسام بھی ضبط کی گئیں۔
زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مملکت کی درآمدات اور برآمدات پر سخت نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون اور ہم آہنگی برقرار رکھی جا رہی ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسمگلنگ کے خلاف کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں اور مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع مخصوص سیکیورٹی ہاٹ لائن 1910، ای میل 1910@zatca.gov.sa یا بین الاقوامی نمبر 009661910 کے ذریعے فراہم کریں۔ ساتھ ہی یہ واضح بھی کیا گیا ہے کہ شکایت کنندگان کی تمام معلومات مکمل رازداری کے ساتھ وصول کی جاتی ہیں جبکہ درست اطلاعات فراہم کرنے والوں کو مالی انعام بھی دیا جاتا ہے۔