جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دو بکریوں کو ریلوے اسٹیشن کے قریب گھاس صاف کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ناگی اور پوکے نامی بکریاں شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جبکہ اس منفرد تجربے کو قدرتی انداز میں گھاس کی صفائی کی ایک دلچسپ کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
جے آر ایسٹ اس سے پہلے بھی بعض ریلوے تنصیبات کے قریب گھاس صاف کرنے کے لیے بکریوں کی مدد لے چکی ہے، لیکن ٹوکیو کی یامانوٹے ریلوے لائن کے اندر اس نوعیت کا یہ پہلا تجربہ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے بکریوں کے تحفظ اور آرام کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ انہیں ایک محفوظ باڑ کے اندر رکھا گیا ہے جہاں پانی اور آرام کے لیے سایہ دار جگہ موجود ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بکریوں کو اپنی طرف سے کوئی خوراک نہ دیں۔اس منصوبے کو فی الحال دسمبر 2026 کے اختتام تک جاری رکھنے کا منصوبہ ہے۔
تاہم اگر مقررہ وقت سے پہلے گھاس ختم ہوگئی تو دونوں بکریوں کی ذمہ داری بھی جلد مکمل ہوسکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان جانوروں کو ’ملازم‘ تو کہا جارہا ہے لیکن انہیں انسانوں کی طرح تنخواہ نہیں ملتی۔ ان کی اصل خوراک ہی ان کے کام کا بنیادی ذریعہ ہے۔