خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ کی ممتاز کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیت چوہدری ارشد نے پاکستان جرنلسٹس فورم اور پاکستان مسلم لیگ کے اپنے دیرینہ ساتھیوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا جو محض دعوت نہیں بلکہ حب الوطنی، سیاسی یکجہتی اور پاک سعودی دوستی کے عزم کی بھرپور ترجمانی بن گیا۔
مزید پڑھیں
تقریب میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے اراکین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں سیاسی و کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جن میں چیئرمین انوسٹر فورم و سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، مسلم لیگ کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر، مرکزی راہنما مسلم لیگ نور آرائیں، چوہدری فاروق انجم، چوہدری وحید اور معروف سرمایہ کار چوہدری محمد شریف شامل تھے۔
خطاب کرتے ہوئے چوہدری ارشد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی صرف ترسیلات زر نہیں بھیجتے بلکہ وہ وطن کی معیشت، دفاع اور وقار کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جب پاکستان کو معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی خاموش مجاہد بن کر ملکی خزانے کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
انہوں نے پاک سعودی تعلقات کو امتِ مسلمہ کا روشن استعارہ قرار دیتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے والہانہ محبت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مہمانوں نے چوہدری ارشد کو محبِ وطن سرمایہ کار قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر چوہدری ارشد کے صاحبزادے علی شہزادہ اور سعود شہزادہ نے اپنے کاروباری منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی، افواجِ پاکستان کے عظیم شہداء کے درجات کی بلندی، کشمیر و فلسطین کی آزادی، ملک کی ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔