جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک (المرور) نے خبردار کیا ہے کہ ماحول کو نقصان پہنچانے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں پر 900 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑی چلانا باقاعدہ ٹریفک قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ اس خلاف ورزی پر 500 ریال سے لے کر 900 ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
انتباہی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والی گاڑیاں عوامی صحت اور ماحول دونوں کے لیے خطرہ ہیں۔
ایسے اخراج میں زہریلی گیسیں اور دھواں شامل ہوتا ہے جو فضا کو آلودہ کرتے ہیں اور شہریوں کے لیے سانس کی بیماریوں سمیت دیگر طبی مسائل کا سبب بن سکتے ہیں، اسی لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق قانون کے تحت گاڑیوں سے مضر اخراج کا خارج ہونا ممنوع ہے اور اس پر باقاعدہ سزا مقرر ہے۔
المرور نے تمام ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کروائیں اور ضروری مرمت و دیکھ بھال کو یقینی بنائیں تاکہ انجن و ایگزاسٹ سسٹم درست حالت میں رہیں اور کسی قسم کا مضر دھواں خارج نہ ہو۔
حکام کے مطابق گاڑیوں کی بروقت سروس اور تکنیکی خرابیوں کی فوری درستگی نہ صرف جرمانے سے بچنے میں مدد دیتی ہے بلکہ یہ ماحول کے تحفظ اور عوامی صحت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
بیان میں ڈرائیورز کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی سے گریز کریں جو ماحول یا معاشرے کے لیے نقصان دہ ہو۔
ٹریفک حکام نے واضح کیا کہ ماحولیاتی تحفظ قومی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔ لہٰذا تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں کو محفوظ اور ماحول دوست حالت میں رکھیں۔