ریاض ریجن میونسپلٹی نے دار الحکومت کے جنوب اور مشرق میں بڑے پارکوں کی تعمیر اور ترقیاتی کام شروع کر دیے ہیں۔
یہ کام دار البیضاء پارک کے منصوبے کی جگہ پر کوالٹی آف لائف پروگرام کے اشتراک سے انجام دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں
اخبار 24 کے مطابق یہ اقدام اس اعلان کا تسلسل ہے جس کے تحت بلدیہ نے مجموعی طور پر 3 لاکھ 17 ہزار 200 مربع میٹر رقبے پر مشتمل دو بڑے پارک قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
ان میں مشرقی ریاض میں واقع جزیرہ پارک جس کا رقبہ ایک لاکھ 47 ہزار 700 مربع میٹر ہے اور جنوبی ریاض میں واقع دار البیضاء پارک جس کا رقبہ ایک لاکھ 69 ہزار 500 مربع میٹر ہے، شامل ہیں۔
جزیرہ پارک اپنے جغرافیائی دائرۂ کار میں 6 لاکھ سے زائد رہائشیوں کو خدمات فراہم کرے گا جبکہ دارالبیضاء پارک 7 لاکھ 95 ہزار 300 سے زیادہ افراد کو سہولت پہنچائے گا جس سے رہائشی علاقوں میں عوامی سہولیات تک قربت اور آسان رسائی کو فروغ ملے گا۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ دار البیضاء پارک میں میٹرو اسٹیشن بھی شامل ہوگا جو پارک کو ریاض کے عوامی نقل و حمل کے نیٹ ورک سے منسلک کرنے اور آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے میں کردار ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ، پارکوں کے ڈیزائن میں قدرتی عناصر اور مربوط شہری سہولیات شامل کی گئی ہیں، جو شہر کے شہری ڈھانچے میں عوامی مقامات کے کردار کو مزید مضبوط بنائیں گی۔