اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

کبابش میں حبیب صدیقی کے اعزاز میں مشاعرہ

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
100% LikesVS
0% Dislikes
Picture of خالد نواز چیمہ

خالد نواز چیمہ

جدہ

کینیڈا سے آنے والے ممتاز شاعر حبیب صدیقی کے اعزاز میں جدہ کی نامور ادبی و ثقافتی تنظیم کبابش آرٹس کونسل کے زیر اہتمام باوقار اور یادگار محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی جس میں شہر کے معروف شعرائے کرام نے اپنے فکر انگیز اور دلنشیں کلام سے سامعین کو مسحور کر دیا۔

مزید پڑھیں

تقریب کی صدارت معروف ادب نواز شخصیت ظفر عالم چیمہ نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی حبیب صدیقی تھے۔ 

مشاعرے کی نظامت کبابش آرٹس کونسل جدہ کے صدر آفتاب ترابی نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔

محفل کا آغاز عمر مسعود پوری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نعتِ رسولِ مقبولﷺ سلیم احمد نے پیش کی۔

مشاعرے میں مہتاب قدر، سعدیہ وقار، آفتاب ترابی، عمران اعوان، فیصل طفیل، افسر بارہ بنکوی اور تاشفین سید نے اپنا منتخب کلام سنایا جس پر حاضرین نے بھرپور داد دے کر شعراء کی حوصلہ افزائی کی۔

ناظمِ مشاعرہ آفتاب ترابی نے پاک و ہند کی مشاعرے کی روایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شاعر معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، جو حالاتِ حاضرہ کو لفظوں میں ڈھال کر عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ باکردار شاعر بلا خوف و خطر حقائق بیان کرتا ہے اور اپنی شاعری کے ذریعے معاشرتی اصلاح اور فکری بیداری کا فریضہ انجام دیتا ہے۔

WhatsApp Image 2026 02 04 at 2.45.27 PM

تقریب کے ابتدائیہ میں کبابش آرٹس کونسل کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے کہا کہ ادبی سرگرمیاں کسی بھی معاشرے کی فکری تربیت کا بنیادی ستون ہوتی ہیں۔ 

انہوں نے زور دیا کہ نئی نسل کو اپنی ادبی اور ثقافتی وراثت سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ کبابش آرٹس کونسل گزشتہ 3 دہائیوں سے جدہ میں ادب کی ترویج کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔

WhatsApp Image 2026 02 04 at 2.46.03 PM

ناظمِ مشاعرہ نے کبابش آرٹس کونسل کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس تنظیم کی بنیاد 3 دہائیاں قبل کبابش ریسٹورنٹ کے مالک اور پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز رہنما مرحوم ملک خورشید سلطان نے رکھی تھی۔ 

ان کی وفات کے بعد ان کے فرزند ارجمند ملک علی خورشید سلطان نہایت خلوص اور لگن سے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور جدہ میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

WhatsApp Image 2026 02 04 at 2.44.59 PM

آخر میں کبابش ریسٹورنٹ کی جانب سے مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ پیش کیا گیا، جس سے محفل کی خوشگوار یادوں میں مزید اضافہ ہوا۔