ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ (HRDF) نے اعلان کیا ہے کہ 2025ء کے دوران وژن 2030ء کے تحت نجی شعبے میں 5 لاکھ 62 ہزار سے زائد سعودی مرد و خواتین کو ملازمتیں فراہم کی گئیں، جو 2024ء کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔
یہ کارکردگی مملکت میں روزگار اور افرادی قوت کی ترقی کے حوالے سے اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
فنڈ کی جانب سے آج جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس حکمتِ عملی کا ثبوت ہیں جس کے تحت وژن 2030 کے اہداف کے مطابق لیبر مارکیٹ کی بہتری اور قومی افرادی قوت کی استعداد بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ادارے کے مطابق روزگار کے ساتھ ساتھ تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری کو بھی مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق 2025ء کے دوران شہریوں کی روزگار کے لیے تربیت، انہیں بااختیار بنانے اور کیریئر رہنمائی کے پروگراموں پر مجموعی طور پر 8 ارب 296 ملین سعودی ریال سے زائد کی رقم خرچ کی گئی، جس سے 20 لاکھ سے زیادہ سعودی شہریوں نے استفادہ کیا۔
ان پروگراموں کا مقصد شہریوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور ان کی مہارتوں کو ابھرتے اور جدید معاشی شعبوں کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
پروگرام کا نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ اسی عرصے کے دوران فنڈ کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والے کاروباری و صنعتی اداروں کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو تقریباً 27 فیصد اضافہ ہے۔ ان میں سے تقریباً 94 فیصد ادارے چھوٹے، نہایت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر مشتمل ہیں ۔
علاوہ ازیں ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ نے مختلف شعبوں میں روزگار سے متعلق 45 معیاری تربیتی معاہدوں پر بھی دستخط کیے، جس کا مقصد نجی شعبے میں سعودی شہریوں کے لیے پائیدار ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ یہ اقدامات وژن 2030ء کے تحت نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے اداروں کے ذریعے قومی پیداوار میں اضافے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔
فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل ترکی الجعوینی نے کہا ہے کہ منصوبے سے مستفید ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارے کی اسٹریٹیجک سمت درست ہے اور اس سے معاشی و سماجی اثرات میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ نہ صرف قومی صلاحیتوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ تربیتی نتائج کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے جوڑنے میں بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ جدید ڈیجیٹل نظام، مؤثر پارٹنرشپ اور مسلسل پروگرام ڈیولپمنٹ کے ذریعے روزگار کے تسلسل، قومی افرادی قوت کی پیداواری صلاحیت اور سعودی شہریوں کی مقامی و عالمی سطح پر مسابقت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔