محکمہ موسمیات نے آج منگل کو موسم کی صورتحال سے متعلق اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی جو گرد و غبار اور مٹی اُڑانے کا سبب بنیں گی۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ صورتحال شمالی سرحدی علاقے، مشرقی ریجن، ریاض، القصیم، حائل، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعض حصوں میں بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ الباحہ، عسیر اور جازان کے پہاڑی علاقوں میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔
اسی طرح ان علاقوں کے بلند مقامات پر دھند بننے کا بھی امکان ہے جبکہ تبوک اور مشرقی ریجن کے بعض حصوں میں بھی دھند کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں شمالی اور وسطی حصوں میں شمال مغربی سے شمالی سمت کی ہوائیں 12 سے 42 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ جنوبی حصے میں ہوائیں جنوبی سے جنوب مشرقی رخ کی ہوں گی جن کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔