اوپیک پلس کے 8 ممالک، سعودی عرب، روس، عراق، متحدہ عرب امارات، کویت، قازقستان، الجزائر اور سلطنتِ عمان نے عالمی معیشت کے نسبتاً مستحکم منظرنامے اور مارکیٹ کی موجودہ مثبت بنیادی صورتِ حال، بالخصوص کم سطح کے تیل ذخائر کے تناظر میں، تیل کی منڈی کے استحکام کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اوپیک پلس گروپ کے رکن ممالک، جنہوں نے اپریل اور نومبر 2023 میں اضافی رضاکارانہ پیداواری ایڈجسٹمنٹس کا اعلان کیا تھا، نے یکم فروری 2026 کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس منعقد کیا جس میں تیل کی منڈی کی تازہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے 2 نومبر 2025 کے اپنے فیصلے کی توثیق کی، جس کے تحت
موسمی عوامل کے باعث مارچ 2026 کے دوران تیل کی پیداوار میں اضافے کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
آٹھوں ممالک نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یومیہ 16 لاکھ 50 ہزار بیرل کی پیداواری کٹوتی کی مقدار کو مارکیٹ کی صورتحال اور رسد و طلب میں ہونے والی پیش رفت کے مطابق مرحلہ وار طور پر جزوی یا مکمل طور پر بحال کیا جا سکتا ہے۔
بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ممالک تیل کی منڈی کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں گے اور استحکام کے فروغ کے لیے محتاط حکمتِ عملی اپنانے اور مکمل لچک برقرار رکھنے کی اہمیت پر دوبارہ زور دیا گیا تاکہ اضافی رضاکارانہ پیداواری ایڈجسٹمنٹس کو جاری رکھنے یا واپس لینے کا فیصلہ کیا جا سکے جن میں نومبر 2023 میں اعلان کردہ یومیہ 22 لاکھ بیرل کی سابقہ رضاکارانہ کٹوتیاں بھی شامل ہیں۔