ترک صدر رجب طیب اردگان جمعہ 7 اگست کو ایک روزہ دورۂ کار پر سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں ان کی سعودی ولی عہد و وزیرا عظم شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔
ترک ایوانِ صدر کے شعبۂ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دوران نے جمعرات کی شب بتایا کہ صدر اردوگان دورے کے دوران دونوں رہنماؤں سے ملیں گے۔
ترک ذرائع ابلاغ نے اس مجوزہ اجتماع کو سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی اہم سہ فریقی سربراہی ملاقات قرار دیا ہے۔
تاہم ترک حکام کی جانب سے جاری مختصر اعلان میں ملاقات کے تفصیلی ایجنڈے، مقام یا وقت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
اہم ترین نکات⌄
- ترک صدر رجب طیب اردوغان 7 اگست کو ایک روزہ دورۂ کار پر سعودی عرب پہنچیں گے۔
- ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔
- ترک ذرائع ابلاغ نے متوقع اجتماع کو سہ فریقی سربراہی ملاقات قرار دیا ہے۔
- شہباز شریف 6 سے 8 اگست کے سرکاری دورے پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جدہ پہنچ چکے ہیں۔
- ملاقات کا تفصیلی ایجنڈا، وقت اور مقام ابھی سرکاری طور پر جاری نہیں کیے گئے۔
سعودی عرب کی جانب سے بھی تاحال اسے باضابطہ طور پر ’سہ فریقی سربراہی اجلاس‘ قرار دیتے ہوئے الگ پروگرام جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو 3 روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ چکے ہیں۔
وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 6 سے 8
اگست تک مملکت میں قیام کریں گے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
کیا مصدقہ ہے، کیا ابھی واضح نہیں؟⌄
✓ مصدقہ معلومات
- اردوغان 7 اگست کو سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
- محمد بن سلمان اور شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔
- شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ جدہ پہنچ چکے ہیں۔
- پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شامل ہیں۔
؟ ابھی واضح نہیں
- تینوں رہنما ایک مشترکہ اجلاس کریں گے یا الگ ملاقاتیں ہوں گی۔
- ملاقات کا حتمی وقت اور مقام کیا ہوگا۔
- تفصیلی ایجنڈا اور ممکنہ مشترکہ اعلامیہ کیا ہوگا۔
- سعودی عرب اسے باضابطہ طور پر سہ فریقی سربراہی اجلاس قرار دے گا یا نہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ خطے کی تیزی سے بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات کا فیکٹ باکس⌄
صدر اردوگان کی اچانک طے پانے والی سعودی عرب آمد نے ان ملاقاتوں کی علاقائی اہمیت بڑھا دی ہے۔
تینوں رہنماؤں کی بات چیت ایسے وقت متوقع ہے جب خلیج میں کشیدگی، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات، سمندری راستوں کا تحفظ اور علاقائی سلامتی اہم سفارتی موضوعات بنے ہوئے ہیں۔
ملاقاتوں اور ان کے ایجنڈے سے متعلق مزید سرکاری تفصیلات جمعہ کو سامنے آنے کی توقع ہے۔