سید مسرت خلیل
جدہ
صدر سماجی رابطہ کمیٹی جدہ و فنانس سیکریٹری انوسٹر فورم راجہ محمد ریاض نے پاکستان سے عمرہ و زیارت مسجدِ رسولﷺ کے لئے آئے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور مدیر جامعہ اسلامیہ صورت القران کوئٹہ عبد الکبیر شاکر کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پرڈنر کا اہتمام کیا ہے۔
تقریب میں جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبد الکبیر شاکر نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
وہ بلوچستان و کوئٹہ کے حالات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آبیدہ ہوگئے لیکن شرکاء کو امید و حوصلے کا پیغام دیا۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو طویل عرصے سے محرومیوں کی شکایات ہیں اور اگر ان محرومیوں کا سنجیدگی سے ازالہ کر لیا جائے تو
صوبے کے حالات میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جائز مسائل کا حل ہی پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے طالبان پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں تاہم ان کے بقول پاکستان دشمن عناصر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں قابلِ قبول نہیں اور پاکستان دشمن قوتیں ایسے اقدامات کے ذریعے خطے کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ عوام کو نا امیدی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق افغانستان میں حالات پہلے سے بہتر ہیں اور وہاں نظم و نسق ایک طریقے سے چل رہا ہے، جس کے مثبت اثرات خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور حالات کو ہوش مندی کے ساتھ سمجھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید، صبر اور باہمی اتحاد ہی مسائل کا دیرپا حل ہیں۔
بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔
اسی محبت کے وجہ سے انھوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عبد الکبیر شاکر کے خطاب کو بروقت، حقیقت پسندانہ اور حالاتِ حاضرہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا اور پاکستان میں دیرپا امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں۔