وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ کے شعبے میں کام کرنے والی تقریباً 5,800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیوں میں سے 1800 ایجنسیوں کے ساتھ جاری معاہدے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
وزارت نے کہا ہے کہ انہیں اپنی صورتحال درست کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
یہ اقدام منظور شدہ دورانیہ جاتی جانچ کے نتائج اور ان ایجنسیوں کی کارکردگی میں پائی جانے والی کمزوری اور خدمات کے معیار میں کمی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے وضاحت کی ہے کہ یہ معطلی صرف نئی ویزا درخواستوں کے اجرا تک محدود ہے اور یہ ایک تنظیمی طریقۂ کار کا حصہ ہے جس کا مقصد ایجنسیوں کو درجہ بندی سے متعلق اصلاح اور معیارات کی پابندی کے درجے کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
مقررہ مہلت ختم ہونے اور ضروری تقاضے پورے کرنے کے بعد معاہدے دوبارہ فعال کر دیے جائیں گے۔
وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جن معتمرین کے پاس پہلے سے درست ویزے یا موجودہ بکنگز ہیں، وہ اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور انہیں فراہم کی جانے والی خدمات بغیر کسی تبدیلی کے جاری رہیں گی۔
وزارت نے مزید بتایا کہ منظور شدہ درجہ بندی اور کارکردگی کے اشاریوں کا اطلاق بنیادی تنظیمی اقدام ہے، جس کا مقصد خدمات فراہم کرنے والوں میں معیار کی پابندی کو یقینی بنانا اور منظور شدہ معیارات کے مطابق خدمات کی فراہمی ہے، ساتھ ہی اس بات کی تاکید کی کہ معتمرین کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خدمت کا تسلسل تمام تنظیمی اقدامات میں اولین ترجیح ہے۔