اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

چوہدری سالک نے قونصلیٹ کی نئی عمارت کا دورہ کیا

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے جدہ میں پاکستان کے نو تعمیر شدہ قونصلیٹ جنرل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قونصلیٹ کی جدید عمارت، انتظامی نظم و نسق اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 

اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفیٰ ربانی، ہیڈ آف چانسری غلام حسین، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ازکا ظفر رانا اور عاکف اقبال بھی ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر کو قونصلیٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر سہولیات، نادرا و پاسپورٹ خدمات، کمیونٹی ویلفیئر کے اقدامات، قانونی و انتظامی امور اور مجموعی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی عمارت میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے زیادہ منظم، تیز اور مؤثر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے کمیونٹی کو نمایاں سہولت حاصل ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے قونصلیٹ کی نئی عمارت، جدید سہولیات اور عملے کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف زرِمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے قونصلیٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام دوست رویہ، شفافیت اور سہولت کاری کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ہر آنے والا پاکستانی عزت، احترام اور اطمینان کے ساتھ اپنی خدمات حاصل کر سکے۔ 

انہوں نے قونصلیٹ کے کردار کو حکومت اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان مضبوط پل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی عمارت اور بہتر انتظامات کمیونٹی کے اعتماد میں مزید اضافہ کریں گے۔

آخر میں وفاقی وزیر نے قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔