خالد نواز چیمہ
جدہ
پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے سعودی عرب کے ممتاز طبی ادارے انٹرنیشنل میڈیکل سینٹر (IMC) کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ادارے کے بانی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر ولید فتیحی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صحت کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو میں بالخصوص طبی ماہرین کے تبادلے، تربیتی مواقع، جدید طبی آلات اور میڈیکل ایکوئپمنٹ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر توجہ مرکوز رہی۔
دونوں جانب سے صحت کے شعبے میں اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے منصوبوں پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے سعودی عرب میں صحت کے شعبے کی ترقی اور IMC کے عالمی معیار کے خدمات کو سراہا جبکہ ڈاکٹر ولید فتیحی نے پاکستان کے ساتھ طبی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔