موجودہ دور میں اسمارٹ فونز مصنوعی ذہانت کے فیچرز سے لیس ہو چکے ہیں، تاہم صارفین کی بڑی تعداد اب بھی روایتی تجربے کو ترجیح دیتی ہے۔
مزید پڑھیں
معروف ٹیکنالوجی سائٹ ’سلیش گیئر‘ کی رپورٹ کے مطابق ایسے فونز کا انتخاب اب بھی ممکن ہے جن میں اے آئی کی مداخلت کم ہو یا اسے آسانی سے بند کیا جا سکے۔
سام سنگ گلیکسی A17
سام سنگ کی ’گلیکسی اے‘ سیریز ان صارفین کے لیے بہترین ہے جو مہنگے فلیگ شپ فونز میں موجود اے آئی فیچرز سے گریزاں ہیں۔
گلیکسی اے 17 میں اے آئی کا مکمل پیکیج موجود نہیں ہے۔ اس میں موجود گوگل جیمنائی یا سرچ ٹولز کو صارف باآسانی غیر فعال کر سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سام سنگ اس فون کے لیے 2031 تک اپ ڈیٹس کا وعدہ بھی کر رہا ہے۔
فیئر فون 6
فیئر فون 6 اپنے منفرد ڈیزائن اور ماڈیولر ساخت کے لیے معروف ہے، جس میں پرزوں کو آسانی سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
اس میں موجود اے آئی کو مکمل طور پر بند کرنا بھی ممکن ہے اور کمپنی اسے 8 سال تک سافٹ ویئر سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔
اس فون کو گوگل سروسز سے پاک اوپن سورس سسٹم پر بھی چلایا جا سکتا ہے۔
ون پلس 12
ون پلس 12 بنیادی طور پر اپنی تیز رفتار کارکردگی اور ہارڈویئر کے لیے پہچانا جاتا ہے۔
اگرچہ اینڈرائیڈ 15 کے بعد اس میں کچھ اے آئی فیچرز شامل ہوئے، لیکن انہیں سسٹم سیٹنگز سے بند کرنا آسان ہے۔ تکنیکی مہارت رکھنے والے صارفین ’کانٹا’ یا ’شیزوکو‘ ایپس کے ذریعے سسٹم کے غیر ضروری حصوں کو ہٹا کر اسے مزید سادہ بنا سکتے ہیں۔
سونی ایکسپریا 1 VI
سونی ایکسپریا 1 VI میں مصنوعی ذہانت کا استعمال صرف کیمرے کی امیج پروسیسنگ تک محدود ہے۔
اس میں موجود ’موبائل براویا‘ انجن کی مدد سے تصاویر بہتر ہوتی ہیں، جسے کیمرہ سیٹنگز میں جا کر بند کیا جا سکتا ہے۔ یہ فون یورپ، ایشیا اور کینیڈا میں دستیاب ہے، لیکن اسے خریدنے سے قبل نیٹ ورک ہم آہنگی کی جانچ ضروری ہے۔
کیا آج کے دور میں اے آئی سے پاک فون ممکن ہے؟
موجودہ دور میں مکمل طور پر اے آئی سے پاک فون تلاش کرنا ایک مشکل چیلنج بن چکا ہے، کیونکہ یہ ٹیکنالوجی آپریٹنگ سسٹم اور ایپس کا حصہ بن چکی ہے۔
تاہم مذکورہ فونز آپ کو ایک روایتی تجربہ فراہم کرتے ہیں جہاں آپ اپنی مرضی کے مطابق اے آئی فیچرز کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔