لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں آسٹریا کے خلاف میچ کے دوران نئی تاریخ رقم کر دی، تاہم اس تاریخی شام کی سب سے یادگار تصویر گراؤنڈ کے بجائے اسٹینڈز سے سامنے آئی جہاں 100 سالہ ایک معمر خاتون موجود تھیں۔
مزید پڑھیں
ڈلاس میں کھیلے گئے اس میچ میں جب ارجنٹائن کو آسٹریا پر دو صفر کی برتری حاصل تھی، تب کیمروں نے ارجنٹائن کی روایتی جرسی پہنے ایک معمر خاتون کو دکھایا جن کے ہاتھ میں میسی کے لیے ایک دلچسپ پیغام درج تھا۔
100 سالہ خاتون کا نام باولین کانا ہے جنہوں نے اپنے بینر پر لکھا تھا کہ وہ 100 سال کی ہو چکی ہیں اور لیونل میسی کی بہت بڑی مداح ہیں۔
یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔
میکسیکو کے اخبار مارکا کے مطابق باولین کانا انٹرنیٹ پر ’گرینی سمتھ‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ وہ امریکی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والی ایک معروف مواد تخلیق کار ہیں جو اپنے پوتے راس سمتھ کے ساتھ ویڈیوز بناتی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں تھا جب انہوں نے میسی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل 2025 کے کلب ورلڈ کپ کے دوران بھی وہ انٹر میامی کے میچوں میں میسی کی حمایت کے لیے اسٹیڈیم میں موجود رہی تھیں۔
پورٹو کے خلاف ایک میچ میں انہوں نے بینر اٹھا رکھا تھا جس پر درج تھا کہ کیا میسی ان سے شادی کریں گے؟ جبکہ پیرس سینٹ جرمین کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ میں انہوں نے محبت کا اظہار کیا تھا۔
اس وقت انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ عمر محض ایک ہندسہ ہے جس پر میسی نے وارم اپ کے دوران انہیں دیکھ کر مسکراہٹ کا تبادلہ کیا اور ہاتھ ہلا کر ان کی محبت کا جواب بھی دیا تھا۔
مداحوں کی جانب سے اس معمر خاتون کی میسی کے لیے دیوانگی کو بہت سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ میسی اب ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں اور ان کی مقبولیت عالمی سطح پر برقرار ہے۔