فیفا ورلڈکپ 2026 میں امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان گروپ مرحلے کے میچ کے دوران جرمن ریفری فیلکس زوائر کے زخمی ہونے سے فٹ بال قوانین اور متبادل ریفری کے طریقہ کار سے متعلق ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں
امریکہ نے یہ میچ دو صفر سے جیتا، لیکن اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں فیلکس زوائر کی بائیں پنڈلی کے پٹھے میں کھنچاؤ پیدا ہو گیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں اور اسسٹنٹ ریفری نے میدان ہی میں ان کی ابتدائی طبی امداد کی۔
اس موقع پر میچ کے دوران چوتھے ریفری کی جانب سے دیا گیا مشروب اور جرمن ریفری کے گرنے کے مناظر نے سب کی توجہ سمیٹ لی۔
ماہرین کے مطابق پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ آرام کی کمی یا ضرورت سے زیادہ جسمانی مشقت ہو سکتی ہے۔
فٹ بال کے عالمی قانون ساز ادارے ’ایفاب‘ کے آرٹیکل 6 کے مطابق اگر ریفری میچ مکمل نہ کر سکے تو متبادل کا انتخاب ٹورنامنٹ کے قواعد کے تحت ہوتا ہے۔
فیفا نے ورلڈ کپ کے لیے اس حوالے سے واضح ضابطے بنائے ہیں۔
فیفا کے ریگولیٹری قوانین کے تحت اگر فیلڈ ریفری ذمہ داریاں نبھانے سے قاصر ہو تو چوتھا آفیشل فوری طور پر اس کی جگہ لیتا ہے۔
اسی لیے فیفا ہر میچ میں یکساں مہارت رکھنے والے ریفری کو چوتھے آفیشل کے طور پر مقرر کرتا ہے۔
جب چوتھا آفیشل میدان میں اترتا ہے تو اس کی جگہ ’ریزرو اسسٹنٹ ریفری‘ کو دی جاتی ہے۔
یہ ریزرو آفیشل ٹیکنیکل ایریا کی نگرانی، کھلاڑیوں کی تبدیلی اور وقت کے بورڈ کو سنبھالنے جیسے اہم انتظامی فرائض انجام دینے کا پابند ہوتا ہے۔
اگر میچ کے دوران کوئی اسسٹنٹ ریفری زخمی ہو جائے تو اس کی جگہ بھی فیفا کا مقرر کردہ ریزرو اسسٹنٹ ریفری ہی لیتا ہے۔ ان قواعد کا مقصد عالمی کپ کے دوران میچ کے انتظامی اور تکنیکی تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے۔