سعودی عرب نے سوئٹزرلینڈ کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ کی ورلڈ مسابقت ایئر بک 2026 میں سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں مسلسل تیسرے سال پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
مزید پڑھیں
یہ کامیابی مملکت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل مہارت اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
سعودی نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے مطابق عالمی سطح پر پہلی پوزیشن کا تسلسل اس شعبے کو حاصل غیر محدود تعاون کا عکاس ہے۔
واضح رہے کہ سائبر سیکیورٹی کو مملکت کے قومی سلامتی کے نظام میں ایک بنیادی ستون کی حیثیت حاصل ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے شعبے کی سرپرستی اور سعودی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (سائٹ) کے بطور اسٹریٹجک پارٹنر قیام نے اس ماڈل کو مستحکم کیا ہے۔
ان کوششوں کی بدولت مملکت متعلقہ بین الاقوامی اشاریوں میں صف اول میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں سعودی عرب کو عالمی سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں ’رول ماڈل‘ قرار دیا ہے۔
مملکت کو اس فہرست میں اعلیٰ ترین درجے پر رکھتے ہوئے ایک مثالی عالمی نمونے کے طور پر دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی مملکت میں اس شعبے کی واحد مجاز اور قومی ریفرنس ہے جس کا مقصد ریاست کے اہم مفادات اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کرنا ہے۔
یہ ادارہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جامع پالیسیاں، گورننس میکانزم اور ضروری معیارات وضع کرنے کا ذمہ دار ہے۔
اتھارٹی سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ترقی کو فروغ دینے اور اس میں جدت و سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔
اس کا ہدف ایک محفوظ اور قابل اعتماد سعودی سائبر اسپیس کی فراہمی ہے جو ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو ممکن بنا سکے۔