موبائل فون ٹیکنالوجی میں کمپنیاں مصنوعی ذہانت اور کیمروں پر توجہ دے رہی ہیں، لیکن ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’رگ ون‘ نے اسمارٹ فونز کے سب سے پرانے مسئلے یعنی بیٹری ختم ہونے کا عملی حل نکال لیا ہے۔
مزید پڑھیں
کمپنی نے اپنا نیا ’رگ ون زیور 8‘ اسمارٹ فون بالکل منفرد اور جدید فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فون بند کیے بغیر بیٹری بدلیں
اس فون کی سب سے بڑی خوبی اس کی ’سویپ ایبل بیٹری 2.0‘ ٹیکنالوجی ہے۔
یعنی بیٹری نکالنے کے باوجود یہ فون 2 منٹ تک آن رہتا ہے۔ اس دوران
صارف بغیر کسی تعطل کے کالز، انٹرنیٹ براؤزنگ اور میسجز جاری رکھ سکتا ہے۔ یہ فیچر اسمارٹ فونز میں ایک بڑی جدت ہے۔
بیٹری نہ ہونے کی صورت میں 2 منٹ بعد فون مزید 60 سیکنڈ کے لیے ’سیف موڈ‘ میں چلا جاتا ہے تاکہ ڈیٹا محفوظ رہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ فون میں 4800 ملی ایمپیئر آور کی 2 بیٹریاں دی گئی ہیں، جو طویل دورانیے تک ڈیوائس کو چارجنگ کے جھنجھٹ سے آزاد رکھتی ہیں۔
سخت ماحول کے لیے بہترین ساتھی
یہ موبائل’رگڈ فونز‘ کی کیٹیگری میں آتا ہے جو مشکل حالات میں استعمال کے لیے بنے ہیں۔
اس میں ’سونک ایکس سپر اسپیکر‘ سسٹم موجود ہے، جس کی آواز 117 ڈیسیبل تک پہنچ سکتی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں اس کی آواز کو معمول سے 2.6 گنا تک مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
فون میں کئی دیگر عملی ٹولز جیسے زیر آب فوٹوگرافی، ڈیجیٹل کمپاس، بیرومیٹر اور نائس میٹر شامل ہیں۔
اس میں 230 لومینز کی طاقتور ٹارچ بھی نصب ہے، جبکہ بلوٹوتھ کے ذریعے اسے ’واکی ٹاکی‘ کی طرح استعمال کرتے ہوئے دوسرے رگ ون فونز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
تکنیکی خصوصیات اور کیمرہ سسٹم
فون میں 6.5 انچ کی ایل سی ڈی اسکرین ہے جس کا ریفریش ریٹ 120 ہرٹز ہے۔ اس میں میڈیا ٹیک ہیلیو جی 200 پروسیسر استعمال ہوا ہے۔
صارفین 8 جی بی ریم کے ساتھ 128 یا 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
فوٹوگرافی کے لیے اس میں 64 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ اور 20 میگا پکسل کا نائٹ ویژن کیمرہ دیا گیا ہے جو مکمل تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کر سکتا ہے۔
فرنٹ کیمرہ 32 میگا پکسل کا ہے۔ یہ ڈیوائس اینڈرائیڈ 16 پر کام کرتی ہے اور 3 سال تک اپ ڈیٹس ملیں گی۔
کمزور پہلو اور مارکیٹ مقابلہ
اس فون کی قیمت 380 ڈالر ہے، لیکن اس کی ایک بڑی خامی 5 جی سپورٹ کا نہ ہونا ہے۔
یہ فون صرف 4 جی نیٹ ورک پر کام کرتا ہے، جو اس کے پچھلے ماڈل ’زیور 7‘ کے مقابلے میں ایک قدم پیچھے ہے۔ یہ بات ان صارفین کے لیے حیران کن ہے جو نئی ڈیوائس سے بہتر کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔
سام سنگ کے گلیکسی ایکس کور 7 پرو سے اس فون کا براہ راست مقابلہ ہے۔
سام سنگ کا فون 560 ڈالر کا ہے اور اس میں 5 جی سپورٹ موجود ہے، لیکن رگ ون زیور 8 اپنی قیمت اور بیٹری کے منفرد سسٹم کی وجہ سے مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مستقبل کا نیا رحجان؟
رگ ون زیور 8 اسمارٹ فون انڈسٹری میں ایک مختلف سمت متعارف کروا رہا ہے۔
یہ سافٹ ویئر فیچرز کے بجائے صارفین کی عملی ضرورت کو ترجیح دیتا ہے۔ اگرچہ تکنیکی اعتبار سے یہ سب سے جدید نہیں، مگر اس کا مسلسل آن رہنے والا بیٹری سسٹم بڑی کمپنیوں کے لیے سوچ بچار کا باعث بن سکتا ہے۔