اہم خبریں
18 March, 2026
--:--:--

9 مشاغل آپ کی خود اعتمادی کو مضبوط اور شخصیت کو نکھارتے ہیں

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes

خود اعتمادی میں اضافہ کسی کام میں مہارت حاصل کرنے یا اہداف کی تکمیل سے نہیں ہوتا بلکہ یہ اُن پہلوؤں سے دوبارہ جُڑنے کا نام ہے، جو آپ کو ایک حوصلہ مند اور با اعتماد شخصیت کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ نئی سرگرمیوں اور مشاغل کو اختیار کرنا زندگی کے مختلف شعبوں میں اعتماد اور حوصلہ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مزید پڑھیں

برطانوی ویب سائٹ گُڈ ہاؤس کیپنگ (Good Housekeeping) میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ماہرینِ نفسیات اور سماجی علوم کے ماہرین نے بتایا ہے کہ بعض مشاغل وقت کے ساتھ خود اعتمادی کو مضبوط بنانے میں نتیجہ خیز کردار ادا کرتے ہیں۔

جسمانی تھراپی کی ماہرِ نفسیات کلو بین کے مطابق بہت سی خواتین سمجھتی ہیں کہ ان کی اہمیت صرف ان کے کام کرنے کی

 صلاحیت کے ساتھ جُڑی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایسی خواتین دیگر مشاغل کو غیر ضروری یا اضافی سمجھنا شروع کردیتی ہیں۔
کلو بین نے بتایا کہ اعصابی نظام کو پیش نظر رکھ کر دیکھا جائے تو مشاغل صرف تفریح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ذہنی توانائی بحال کرنے اور طویل مدتی صحت کے لیے بھی ضروری ہوتے ہیں۔ 

4511231

یہ مشاغل (سرگرمیاں) انسان کو مسلسل کارکردگی  دکھانے (ذہنی و جسمانی مشقت) کے دباؤ سے نکال کر اس میں خوشی، تجسس اور جذباتی توازن بحال کرتی ہیں۔

ایک اور سماجی ماہر اور نفسیات کی پروفیسر جیلیان امودیو کا کہنا ہے کہ مشاغل زندگی میں توازن پیدا کرتے ہیں اور ان کے ایسے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں، جنہیں اکثر نظرانداز کردیا جاتا ہے۔  

انہوں نے بتایا کہ مشاغل انسان کو اپنے اردگرد کی دنیا سے جُڑنے، سماجی تعلقات بنانے اور خود اعتمادی بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق درج ذیل 9 مشاغل خود اعتمادی بڑھانے میں خاص طور پر مؤثر ثابت ہوئے ہیں:

یوگا

یوگا کی باقاعدہ مشق کرنے سے ذہنی یکسوئی پیدا ہوتی ہے، بے ہنگم خیالات کا دباؤ کم ہوتا ہے اور توجہ بھی بہتر ہوتی ہے۔ 

یوگا سے ملنے والے سکون سے ذہن اور جسم کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں فیصلوں اور خیالات پر مثبت اثرات نمایاں ہوتے ہیں۔

4562

دستکاری اور آرٹ

آرٹ تھراپی کی ماہر ایلیسن مک ایلرائے کے مطابق تخلیقی سرگرمیاں انسان کو یکسوئی اور گہرے ارتکاز کی کیفیت میں لے جاتی ہیں، جس سے اعصابی نظام پُرسکون ہوتا ہے، سانس کی رفتار کم ہوتی ہے اور تناؤ کے ہارمونز میں کمی آتی ہے۔ یہ تمام عوامل فطری طور پر خود اعتمادی کے لیے نہایت مفید ہیں۔

رقص

رقص جسم میں اینڈورفنز کے اخراج کو متحرک کرتا ہے، جس کے نتیجے میں انسان کا موڈ بہتر ہوتا ہے۔ 

تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ رقص کرنے والے افراد اپنے جسم سے متعلق اضطراب کم اور اعتماد زیادہ محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر خواتین میں اس کے مثبت اثرات نمایاں ہوتے ہیں۔

تصاویر اور یادیں جمع کرنا

پرانی تصاویر اور خوشگوار لمحات کو یاد کرنا بھی ایک مؤثر طریقہ سمجھا جاتا ہے، جو انسان کو اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں پر فخر کا احساس دلا کر اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔

87451

چہل قدمی

طبی ماہرین کے تحقیقی نتائج سے پتا چلتا ہے کہ صرف 5 منٹ کی کھلی فضا میں چہل قدمی موڈ اور خود اعتمادی بہتر بنانے کے لیے کافی ہے۔ 

نئے راستوں پر چلنا یا کسی دوست کے ساتھ چہل قدمی ذہنی صحت کے لیے غیر معمولی فائدہ مند نتائج کے حامل ہیں۔

باغبانی

ڈاکٹر کلو بین کے مطابق باغبانی خواہ ایک گملے کے پودے تک محدود ہو، صبر، مستقل مزاجی اور ہم آہنگی جیسے سبق سکھاتی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پودوں کی دیکھ بھال کرنا بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں معاون ہے۔ یہ عمل ذہنی سکون اور اعتماد میں اضافے کا باعث بھی بنتا ہے۔

78945

اِن ڈور راک کلائمبنگ

اِن ڈور راک کلائمبنگ بھی ایک تیزی سے مقبول ہوتی ہوئی سرگرمی (یا مشغلہ) ہے، جو ایک چیلنج کی صورت میں آپ کی توجہ  کی طاقت، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور دستیاب لمحات میں جینے کا ہنر سکھاتی ہے۔ 

تحقیقی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سرگرمی ڈپریشن (ذہنی دباؤ) کی علامات میں بھی کمی لا سکتی ہے۔

ڈائری لکھنا

لکھنے کا عمل بھی انسان کی خوداعتمادی میں اضافہ کرتا ہے۔ 

تحریر سے انسان پر اپنی علمی صلاحیتیں آشکار ہوتی ہیں۔ 

یہی وجہ ہے کہ ماہرین کے مطابق ڈائری لکھنے سے جذبات کو سمجھنے، خود کو جانچنے اور ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کھانا پکانا

کھانا پکانا روزمرہ کی بنیاد پر مسئلہ حل کرنے، تخلیق کرنے اور خود پر توجہ دینے کا احساس پیدا کرتا ہے۔ 

ماہرین کہتے ہیں کہ اس سے خود اعتمادی میں اضافہ، بے چینی میں کمی اور مجموعی ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے۔

5454

بہترین سرمایہ کاری

ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار اور دباؤ سے بھرپور زندگی میں مشاغل کو وقت دینا محض شوق نہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ ایسے مشاغل کو اپنانا نہ صرف خود اعتمادی کو بڑھاتا ہے بلکہ مجموعی معیارِ زندگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔