امریکہ کے شہر اورلینڈو میں شدید بارش اور گرج چمک کے باعث انگلینڈ اور کوسٹاریکا کے درمیان شیڈول دوستانہ فٹ بال میچ تاخیر کا شکار ہو گیا۔
مزید پڑھیں
یہ میچ فیفا ورلڈکپ 2026ء کی حتمی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلا جا رہا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق میچ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہونا تھا، تاہم خراب موسم کی وجہ سے اسے ایک گھنٹہ تاخیر سے 5 بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یعنی عالمی وقت کے مطابق یہ مقابلہ رات 9 بجے شروع ہوا۔
اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے اس دوران بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر شائقین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔
اسی طرح انٹرا اینڈ کو اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں پر ایمرجنسی وارننگ کے ذریعے تماشائیوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا۔
موسم کی صورتحال میں بہتری کے بعد اسٹیڈیم کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصدیق کی گئی کہ اب حالات مکمل طور پر سازگار ہیں۔
En Floride, il faudra faire attention aux orages. Le match de préparation entre l'Angleterre et le Costa Rica a été reporté en raison des conditions météorologiques dangereuses. #football #england #orlando #wc2026 #cdm2026 #mondial2026 #angleterre pic.twitter.com/09PD5xBbic
— Foot01 (@Foot01_com) June 10, 2026
شائقین کو دوبارہ اپنی نشستوں پر واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ وہ کھیل دیکھ سکیں۔
انگلش فٹ بال ٹیم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ گراؤنڈ کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد نئے وقت کا تعین کیا گیا ہے، تاہم میچ کا باقاعدہ آغاز اس شرط پر ہوگا کہ علاقے میں دوبارہ بجلی گرنے کا کوئی واقعہ نہ ہو۔
انگلینڈ کے لیے یہ میچ ورلڈکپ سے قبل آخری آزمائشی مقابلہ ہے جس کے بعد وہ میگا ایونٹ کے باقاعدہ مرحلے میں شرکت کرے گا۔
یاد رہے کہ فٹ بال ورلڈکپ کے باقاعدہ مقابلوں کا آغاز آج جمعرات سے ہونے جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جس شہر اورلینڈو میں یہ میچ کھیلا گیا، وہ ورلڈکپ 2026ء کے میزبان شہروں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔
اس کے باوجود یہاں شائقین کی بڑی تعداد ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھی۔