وزارت دفاع نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ الخرج گورنریٹ میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ترجمان وزارتِ دفاع میجر جنرل ترکی المالکی نے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام خبریں بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ آج علی الصبح الخرج گورنریٹ میں خطرے کے سائرن بجنے کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سائرن کسی حملے کی وجہ سے نہیں بلکہ صرف ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر بجا کر الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
سعودی حکام کے مطابق یمن کی جانب سے ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا تھا جو سعودی سرحد کے قریب پہنچ کر اچانک غائب ہو گیا۔
اسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر دفاعی نظام کو الرٹ کرتے ہوئے الخرج کے علاقے میں سائرن بجانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سعودی وزارت دفاع نے مزید کہا ہے کہ اس میزائل حملے کی کوشش اور اس کے غائب ہونے کے حوالے سے تحقیقات کا عمل تاحال جاری ہے۔
متعلقہ ادارے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس واقعے کی مکمل اور حتمی تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
تاہم حکام نے اس سلسلے میں الخرج گورنریٹ میں واقع پرنس سلطان ایئربیس کو نشانہ بنانے کے حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کی تردید کی ہے۔