سعودی وزارت صحت نے عالمی سطح پر ایبولا اور ہانٹا وائرس جیسے وبائی چیلنجز کے باوجود حج 2026 کو ہر قسم کے طبی خطرات سے پاک قرار دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق رواں برس حج کے دوران کسی بھی قسم کی وباء یا عوامی صحت کو متاثر کرنے والا کوئی ناخوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔
حج سیزن کے آغاز سے 11 ذوالحجہ تک عازمین کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 73 ہزار 380 سے زائد طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
یہ تمام اقدامات سعودی وژن 2030 کے تحت ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن اور ’ضیوف الرحمن پروگرام‘ کے اہداف کے عین مطابق انجام دیے گئے۔
وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ 17 لاکھ 7 ہزار 301 عازمین حج کی مجموعی صحت پورے سیزن میں انتہائی اطمینان بخش اور مستحکم رہی۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی طبی صورتحال کے پیش اس سال حج کے دوران نظر مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات پر نگرانی کا سخت ترین نظام نافذ کیا گیا تھا۔
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل کا کہنا ہے کہ حج کا وبائی امراض سے پاک ہونا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی توجہ کا نتیجہ ہے۔
یہ کامیابی سعودی نظام صحت کی اعلیٰ صلاحیتوں اور حکومتی اداروں کے تعاون کی عکاس ہے۔
فہد الجلاجل نے مزید کہا کہ سعودی عرب انسانی صحت کے تحفظ کو اپنی عالمی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمان یہاں سے مناسک کی ادائیگی کے بعد مکمل صحت اور سلامتی کے ساتھ اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں جو کہ مملکت کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
من نُسكٍ إلى نُسك، الرعايةُ تسبقهم بخطوة.#حج_بصحة#حياكم_الله pic.twitter.com/oyijIsZhCw
— وزارة الصحة السعودية (@SaudiMOH) May 29, 2026
واضح رہے کہ عالمی سطح پر ایبولا اور ہانٹا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سعودی عرب نے قبل از وقت تیاریوں اور وبائی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔
اس دوران تمام تر خدشات کے باوجود عازمین میں ان وائرسز کا کوئی بھی مشتبہ یا مصدقہ کیس رپورٹ نہیں ہوا جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔
دورانِ حج عازمین کو 24 گھنٹے حفاظتی، علاج معالجے، ایمرجنسی اور آگاہی کی مربوط خدمات فراہم کی گئیں۔
وبائی امراض کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان بہترین ہم آہنگی کو یقینی بنایا گیا تاکہ اللہ کے مہمانوں کو مناسک میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔
سعودی حکومت نے حج 2026 کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی، تنظیم اور خدمات کے مربوط نظام نے عازمین کو سہولت فراہم کی۔
اس جامع حکمت عملی کی بدولت لاکھوں افراد نے پرامن اور محفوظ ماحول میں فریضہ حج ادا کیا۔