سلطنت عمان نے ہفتے کے روز آبنائے ہرمز میں مشتبہ بحری بارودی سرنگ کی موجودگی کا انتباہ جاری کیا ہے۔
مزید پڑھیں
سی این این کی رپورٹ کے مطابق عمانی میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کے حکام کے مطابق یہ تیرتی ہوئی مشتبہ چیز عمان کی علاقائی حدود میں ساحلی گزرگاہ کے مغربی حصے میں دیکھی گئی ہے۔
میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تمام ملاحوں، ماہی گیروں اور بحری جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس علاقے میں سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتیں۔
عمانی حکام نے تمام سمندری مسافروں کو کسی بھی طرح کی مشتبہ اشیاء سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ مزید واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی مشتبہ چیز نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کیا جائے۔
اسی طرح بحری تحفظ کے پیش نظر جہاز رانی کرنے والوں کو محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور سمندری راستوں پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس پیش رفت سے قبل امریکی فوج نے گزشتہ پیر کو ایران کے جنوبی علاقوں کے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سمندری حدود میں بارودی سرنگوں کی موجودگی نے عالمی جہاز رانی کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازع کے خاتمے کے معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے تمام بارودی سرنگیں ہٹائے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا یہ مطالبہ خطے میں سمندری راستوں کی حفاظت اور عالمی تجارت کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔