اہم خبریں
30 May, 2026
--:--:--

واٹس ایپ کا سرپرائز: صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کردی

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
واٹس ایپ کے نئے لاگ آؤٹ فیچر کا علامتی منظر
صارف اپنی چیٹ ہسٹری یا گفتگو کو حذف کیے بغیر اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے (فوٹو: انٹرنیٹ)

میٹا کی ملکیت دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک شاندار فیچر کی آزمائش کررہی ہے، جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔

مزید پڑھیں

اس فیچر کے تحت صارف اپنی چیٹ ہسٹری یا گفتگو کو حذف کیے بغیر اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے۔ 

واٹس ایپ نے اپنی پوری تاریخ میں اس سے پہلے کبھی صارفین کو ایپلی کیشن کے اندر لاگ آؤٹ کا براہ راست آپشن فراہم نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے اپنے موبائل فون پر واٹس ایپ اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کرنے کے خواہش مند افراد کو پوری ایپلی کیشن ہی ڈیلیٹ کرنا پڑتی تھی۔ 

واٹس ایپ کو موبائل سے ان انسٹال کرنے کی صورت میں دوبارہ اکاؤنٹ فعال کرنے کے لیے ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کر کے تمام سیٹنگز نئے سرے سے کرنا پڑتی تھیں۔

اس طرح صارفین کا وقت ضائع ہوتا تھا اور خاص طور پر ان لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جو صرف پیغامات کے لامتناہی سلسلے سے کچھ وقت کے لیے بریک یا دوری اختیار کرنا چاہتے تھے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس اور تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ماہر ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو (WABetaInfo) کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں واٹس ایپ نے بالاآخر ایپلی کیشن کے اندر ہی ایک آزاد اور مستقل لاگ آؤٹ فیچر شامل کر دیا ہے۔ 

واٹس ایپ کے نئے لاگ آؤٹ فیچر کا علامتی منظر
صارف کی لاگ ان معلومات بھی ڈیوائس کے اندر مقامی طور پر محفوظ رہیں گی (فوٹو: انٹرنیٹ)

اس نئے فیچر کی سب سے بڑی افادیت یہ ہے کہ جب کوئی صارف اپنے اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہوگا تو اس کا تمام ڈیٹا اور پرانی چیٹ ہسٹری ایپلی کیشن کے اندر محفوظ رہے گی اور اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہی نہیں بلکہ صارف کی لاگ ان معلومات بھی ڈیوائس کے اندر مقامی طور پر محفوظ رہیں گی اور وہ حذف نہیں ہوں گی، جس کے نتیجے میں صارفین کو دوبارہ لاگ ان کرتے وقت پوری ایپلی کیشن کو نئے سرے سے سیٹ اپ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ فوری، آسان اور تیز رفتار طریقے سے اپنی پرانی حالت میں واپس آ سکیں گے۔

تکنیکی طور پر یہ نیا فیچر واٹس ایپ کی سیٹنگز کے مینو میں شامل ’اکاؤنٹ‘ کے سیکشن کے اندر دستیاب ہوگا جہاں صارف کے کلک کرتے ہی لاگ آؤٹ کا عمل شروع ہو جائے گا۔ 

ایپلی کیشن اس عمل کو مکمل کرنے سے پہلے صارف کی اسکرین پر تصدیق کے لیے کچھ آسان اقدامات دکھائے گی اور حتمی تصدیق کے بعد اکاؤنٹ کو ڈیٹا ضائع کیے بغیر عارضی طور پر ڈیوائس یا موبائل فون سے الگ کر دیا جائے گا۔ 

تاہم اس عمل کے دوران واٹس ایپ صارفین کو کچھ ایسی تجاویز اور متبادل حل بھی فراہم کرے گا جن کی مدد سے وہ بعض حالات میں لاگ آؤٹ کیے بغیر بھی اپنا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ 

ان تجاویز میں واٹس ایپ صارف کو یاد دلائے گا کہ وہ لاگ آؤٹ کرنے کے بجائے ایپلی کیشن کے اندر ہی ایک دوسرا اکاؤنٹ بھی شامل کر سکتے ہیں۔

واٹس ایپ کے نئے لاگ آؤٹ فیچر کا علامتی منظر
اس عمل کے دوران واٹس ایپ صارفین کو کچھ تجاویز اور متبادل حل بھی فراہم کیے جائیں گے (فوٹو: انٹرنیٹ)

کمپنی کی جانب سے لاگ آؤٹ کے متبادل کے طور پر ایپ لاک فیچر کو فعال کرنے کی تجویز بھی دی جائے گی جو فنگر پرنٹ، فیس آئی ڈی یا ڈیوائس پاس ورڈ جیسے بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے صارف کی پرائیویسی کو مزید محفوظ بناتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی واٹس ایپ صارفین کو اپنے نوٹیفکیشنز کا نظام سنبھالنے کا مشورہ بھی دے گا کیونکہ بہت سے صارفین پیغامات کے کثرت اور بار بار آنے والے نوٹیفکیشنز سے تنگ آ کر بریک لینے کے لیے لاگ آؤٹ کا فیصلہ کرتے ہیں۔ 

مزید برآں واٹس ایپ اس موقع پر موبائل کی میموری صاف کرنے کا آپشن بھی سامنے لائے گا جو بڑی فائلوں کی نشاندہی کر کے انہیں ڈیلیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے، کیونکہ اکثر لوگ فون کی اسٹوریج کم ہونے پر بھی ایپ ڈیلیٹ یا لاگ آؤٹ کرنے کا سوچتے ہیں۔

لاگ آؤٹ مینو میں واٹس ایپ کی جانب سے چیٹ کا بیک اپ لینے کا آپشن بھی نمایاں کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خرابی یا ایپ دوبارہ انسٹال کرنے کی صورت میں پیغامات اور میڈیا فائلز محفوظ رہیں۔

صارفین لاگ آؤٹ کا عمل مکمل کرنے سے پہلے واٹس ایپ کی ان تمام مفید سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لے سکتے ہیں اور اگر ان میں سے کوئی بھی آپشن ان کی مصلحت کے مطابق نہ ہو تو وہ سیدھا لاگ آؤٹ کے بٹن پر کلک کر کے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ 

ایپلی کیشن کو ڈیلیٹ کیے بغیر ڈیٹا محفوظ رکھنے والا یہ بہترین لاگ آؤٹ فیچر اس وقت گوگل پلے اسٹور پر واٹس ایپ کا تازہ ترین بیٹا ورژن استعمال کرنے والے چند آزمائشی صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ واٹس ایپ آنے والے چند ہفتوں کے دوران اسے دنیا بھر کے تمام عام صارفین کے لیے باقاعدہ طور پر متعارف کروا دے گا۔