اہم خبریں
30 May, 2026
--:--:--

یورپی یونین کا چینی کمپنی ٹیمو پر 232 ملین ڈالر کا بھاری جرمانہ

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
یورپی یونین کی جانب سے ٹیمو پر جرمانہ اور ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی
یورپی کمیشن کے مطابق کمپنی صارفین کے تحفظ اور خطرات دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

یورپی یونین نے چینی ای کامرس پلیٹ فارم ٹیمو پر غیر قانونی مصنوعات کی فروخت روکنے میں ناکامی پر 200 ملین یورو یعنی تقریباً 232 ملین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں

یورپی کمیشن کے مطابق کمپنی صارفین کے تحفظ اور خطرات دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ٹیمو یورپی یونین کے اندر غیر قانونی مصنوعات کی روک تھام اور بااثر شخصیات یعنی انفلوئنسرز کے ذریعے ہونے والی تشہیر کے منفی اثرات کا درست اندازہ نہیں لگا سکی۔ 

اس پلیٹ فارم کو ماہانہ 130 ملین یورپی صارفین استعمال کرتے ہیں۔

کارروائی یورپی صارفین کی تنظیم اور 17 قومی اداروں کی شکایت پر ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت کی گئی ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ٹیمو پر جرمانہ اور ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی
اس مقبول چینی پلیٹ فارم کو ماہانہ 130 ملین یورپی صارفین استعمال کرتے ہیں (فوٹو: انٹرنیٹ)

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فرانس، ڈنمارک اور جرمنی میں ٹیسٹ کی گئی 81 میں سے 53 مصنوعات انسانی صحت کے لیے انتہائی غیر محفوظ اور خطرناک تھیں۔

ان ممنوع مصنوعات میں بچوں کے کھلونے، جیولری، الیکٹرانکس، غیر معیاری چارجرز اور غیر لائسنس یافتہ کاسمیٹکس شامل ہیں۔ 

یہ اشیا نہ صرف برانڈز کے حقوق  کی خلاف ورزی کر رہی تھیں بلکہ ان میں ایسے اجزاء پائے گئے جو یورپی یونین میں مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹیمو کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز 31 اکتوبر 2024 کو ہوا تھا جس میں کمپنی کی 2024 اور 2025 کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ 

قبل ازیں کسٹمز حکام اور مارکیٹ ریگولیٹرز کے ڈیٹا سے بھی پلیٹ فارم پر موجود مصنوعات میں سنگین نقائص کی تصدیق کی گئی تھی۔

یورپی حکام نے ٹیمو کو 28 اگست تک اصلاحاتی منصوبہ پیش کرنے کی مہلت دی ہے جس کے 2 ماہ بعد حتمی جائزہ لیا جائے گا۔ 

اس سلسلے میں یورپی ٹیکنالوجی عہدیدار ہینا ویرکنین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ڈیجیٹل مارکیٹ میں صارفین کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ٹیمو پر جرمانہ اور ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی
قانونی کارروائی یورپی صارفین کی تنظیم اور 17 قومی اداروں کی شکایت پر ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت کی گئی ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ کیا ٹیمو کا ڈیزائن صارفین کے لیے نشہ آور خصوصیات رکھتا ہے یا نہیں۔

اس کے علاوہ محققین کی ڈیٹا تک رسائی اور پلیٹ فارم کے اندر مصنوعات تجویز کرنے والے الگورتھم کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب ٹیمو نے یورپی یونین کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے جرمانے کو غیر متناسب قرار دیا ہے۔ 

کمپنی کا مؤقف ہے کہ وہ یورپی ڈیجیٹل قوانین کا احترام کرتی ہے مگر تحقیقات کے ان نتائج سے اتفاق کرنا ان کے لیے ممکن نہیں ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ 2024 کے ابتدائی جائزے پر مبنی ہے جو پلیٹ فارم کی موجودہ صورتحال کی عکاسی نہیں کرتا۔ ٹیمو کے مطابق انہوں نے خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں اور وہ ریگولیٹرز کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ یہ ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل ایلون مسک کے پلیٹ فارم ایکس پر 120 ملین یورو جرمانہ ہوا تھا۔ 

یورپی قانون کے تحت قواعد کی خلاف ورزی پر کمپنی کی سالانہ عالمی آمدنی کا 6 فیصد جرمانہ ہو سکتا ہے۔