لگژری اسپورٹس کاریں بنانے والی مشہور اطالوی کمپنی فراری نے الیکٹرک گاڑیوں کی دوڑ میں شامل ہوتے ہوئے اپنی تاریخ کی پہلی مکمل برقی کار متعارف کروا دی ہے۔
مزید پڑھیں
اس کار کو (Luce) کا نام دیا گیا ہے۔ عربی زبان میں اس نام کے معنی ’نور‘ یا روشنی کے ہیں ۔
اس ماڈل کے ساتھ ہی فراری نے کچھ تاخیر سے ہی سہی لیکن اپنے روایتی حریفوں پورشے اور لمبورگینی کے مقابلے میں الیکٹرک آٹوموبائل مارکیٹ میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے۔
فراری کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ نئی کار تیز رفتاری
اور جدت کا شاہکار ہے جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 310 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر جاتی ہے۔
اس کے علاوہ کار کی بیٹری کی کارکردگی اتنی جاندار ہے کہ یہ ایک بار مکمل چارج ہونے پر 530 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ آسانی سے طے کر سکتی ہے۔
تکنیکی خصوصیات کے اعتبار سے یہ الیکٹرک کار انتہائی طاقتور کارکردگی کی حامل ہے جو محض 2.5 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس میں 122 کلوواٹ آور (kWh) کی جدید ترین بیٹری نصب کی گئی ہے۔ اس نئی گاڑی کی سب سے خاص بات اس کا منفرد ڈیزائن ہے جسے ایپل کمپنی کی کئی مشہور مصنوعات کے پیچھے موجود تخلیقی ذہن اور معروف ڈیزائنر جونی آئیو نے تیار کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس کار کا بیرونی ڈھانچہ فراری کی روایتی گاڑیوں کے روایتی ڈیزائن سے بالکل مختلف اور مستقبل کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔
بیٹری اور بھاری بھرکم الیکٹرک سسٹم کی وجہ سے Luce کا کل وزن 2.26 ٹن ہے، جو فراری کی تاریخ میں اب تک بنائی جانے والی تمام گاڑیوں میں سب سے زیادہ وزنی ماڈل ہے۔
فراری نے اس شاہکار الیکٹرک کار کی قیمت ٹیکسز سمیت تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار یورو مقرر کی ہے، جو امریکی کرنسی میں تقریباً 6 لاکھ 30 ہزار ڈالر کے برابر بنتی ہے۔
یہ سپر کار فراری کی تاریخ کی دوسری ایسی گاڑی ہے جو 4 دروازوں کے ساتھ متعارف کروائی گئی ہے، تاہم 2 سیٹوں والی پرتعیش کاریں بنانے کے لیے مشہور اس اطالوی کمپنی کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ انہوں نے 5 نشستوں پر مشتمل کوئی ماڈل بازار میں اتارا ہے۔
فیراری گروپ کے چیئرمین جون الکان نے اس تاریخی پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمپنی کے مستقبل کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک نیا باب کھول رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فراری نے اپنی پہلی آل الیکٹرک کار ایک ایسے وقت میں دنیا کے سامنے پیش کی ہے جب عالمی سطح پر آٹو موبائل کی صنعت میں الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقلی کا عمل سست روی کا شکار ہو چکا ہے، کیونکہ مارکیٹ میں الیکٹرک کاروں کی طلب توقعات سے کافی کم دیکھی جا رہی ہے۔
عالمی سطح پر گزشتہ برسوں کے دوران لگژری کاروں کی فروخت اور منافع میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر فراری نے اپنی کاروباری حکمت عملی میں بھی کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔
گزشتہ برس کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2030ء تک اپنی کل پیداوار کا صرف 20 فیصد حصہ الیکٹرک ماڈلز پر منتقل کرنے کی توقع رکھتی ہے، جبکہ اس سے قبل کمپنی کا تخمینہ یہ تھا کہ 2030ء تک ان کی 40 فیصد گاڑیاں مکمل طور پر برقی نظام پر منتقل ہو جائیں گی۔