سعودی عرب میں کار رینٹل سیکٹر نے 2025 کے دوران غیر معمولی ترقی ریکارڈ کی، جہاں مجموعی معاہدوں کی تعداد 66 لاکھ سے بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق روزانہ 18 ہزار سے زائد جبکہ ہر گھنٹے 753 گاڑیوں کے کرایہ معاہدے کیے گئے۔
ریاض، مکہ اور مشرقی ریجن سب سے زیادہ سرگرم رہے۔
علاقائی سطح پر رياض سب سے بڑا مرکز بن کر سامنے آیا، جہاں مجموعی معاہدوں کا 31.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق دار الحکومت میں کاروباری سرگرمیوں، بین الاقوامی کمپنیوں کی موجودگی اور بڑھتی ہوئی آبادی نے گاڑیوں کی طلب میں نمایاں اضافہ کیا۔
اس کے بعد مكہ مكرمہ ریجن 25.5 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں حج اور عمرہ زائرین کی بڑی تعداد کار رینٹل مارکیٹ کو مسلسل متحرک رکھتی ہے۔
جبکہ مشرقی ریجن 14.1 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جہاں صنعتی اور تیل سے وابستہ سرگرمیوں نے اس شعبے کو فروغ دیا۔
اسی طرح مدينہ منورہ، عسير، قصيم اور جازان سمیت دیگر ریجنوں میں بھی نمایاں سرگرمی دیکھی گئی، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کار رینٹل کا شعبہ اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا بلکہ پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔