خالد نواز چیمہ
جدہ
جدہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی جانب سے ہر دلعزیز، معروف سماجی شخصیت انجنیر چوہدری محمد شہباز حسین آرائیں مرحوم کے انتقال پر باوقار اور روح پرور دعائیہ محفل کا اہتمام کیا گیا۔
دعائیہ تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سماجی، سیاسی، مذہبی اور صحافتی حلقوں کے نمائندگان سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد معروف دینی اسکالر ڈاکٹر قاری عبدالباسط نے خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں موت و حیات کی حقیقت، صبر و شکر کی اہمیت اور آخرت کی تیاری پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ان کا خطاب اثر انگیز تھا جسے شرکاء نے مکمل توجہ کے ساتھ سنا۔
انہوں نے مرحوم چوہدری شہباز کی خوش اخلاقی، خدمتِ خلق اور
کمیونٹی کے لیے بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
دعائیہ محفل میں ڈپٹی قونصل جنرل محترمہ سعدیہ وقار النساء نے خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے مرحوم کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شہباز با اخلاق، خوش مزاج اور کمیونٹی کو جوڑنے والی شخصیت تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تقریب سے مرحوم کے صاحبزادے اسامہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے والد مرحوم نے ہمیشہ اتحاد، بھائی چارے اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔
کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری نے مرحوم کی سماجی خدمات اور کمیونٹی کے مسائل کے حل میں ان کے کردار کو سراہا۔
دعائیہ تقریب کے میزبان چوہدری محمد اکرم نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی یاد میں یہ محفل ان سے عقیدت اور محبت کا اظہار ہے۔
آخر میں اجتماعی مرحوم چوہدری شہباز کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے ساتھ ساتھ لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔