سعودی وزارتِ تجارت نے عطر اور عود فروخت کرنے والے ایک آن لائن اسٹور کے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہے جس نے جھوٹے اور گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے صارفین کو دھوکا دیا۔
یہ اقدام ای کامرس نظام اور اس کے ایگزیکٹو ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ اس خلاف ورزی کا پتہ اُس وقت چلا جب مذکورہ آن لائن اسٹور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک اشتہار جاری کیا، جس میں خریداری کرنے والے ہر صارف کو تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اشتہار میں لکھا تھا:
’سیزن کا بڑا سرپرائز… ہر شخص کو آئی فون ملے گا‘۔
مزید پڑھیں
اخبار 24 کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اسٹور نے اپنے اشتہار پر عمل نہیں کیا اور صارفین کو وعدے کے مطابق آئی فون دینے کے بجائے مختلف اور کم قیمت ڈیوائسز فراہم کی گئیں۔
وزارتِ نے واضح کیا کہ اسٹور کے ذمہ داران کو طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ معاملہ ای کامرس نظام کی خلاف ورزیوں کی جانچ کرنے والی کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام ای کامرس قانون کی دفعہ 11 کی خلاف ورزی ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی الیکٹرانک اشتہار میں ایسا بیان، دعویٰ یا تشہیر شامل کرنا ممنوع ہے جو جھوٹا ہو یا صارف کو براہِ راست یا بالواسطہ دھوکا دینے یا گمراہ کرنے کا سبب بنے۔
وزارتِ تجارت نے مزید کہا کہ وہ آن لائن اسٹورز کے الیکٹرانک اشتہارات کی مسلسل نگرانی کررہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
ان سزاؤں میں 10 لاکھ ریال تک جرمانہ، ویب سائٹس کی بندش، اسٹورز کو بلاک کرنا اور کاروباری سرگرمیوں پر پابندی شامل ہوسکتی ہے۔