اہم خبریں
7 May, 2026
--:--:--

فیفا پیشگوئیاں: عالمی چیمپئن کون بنے گا؟ کِسے ورلڈکپ سے باہر جانا ہوگا؟

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی اور ہالینڈ کی ٹیم کی ممکنہ فتح کی عکاسی
اسی ماڈل نے ورلڈ کپ کے آخری 3 ایڈیشنز میں چیمپئن کے لیے درست پیش گوئی کی تھی (فوٹو: انٹرنیٹ)

عالمی سرمایہ کاری ادارے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے حیران کن پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار ایک ایسی یورپی ٹیم فاتح بنے گی جس نے اب تک کبھی ٹرافی نہیں جیتی۔

مزید پڑھیں

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حیران کن پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ ہالینڈ پہلی بار عالمی چیمپئن بن سکتا ہے۔

یہ پیش گوئی معروف سرمایہ کاری بینک ’بانمور لیبیرم‘ کے اسٹریٹجک ماہر جواکیم کلیمنٹ نے ایک شماریاتی ماڈل کی بنیاد پر کی ہے۔ 

یہ ماڈل گزشتہ 3 ورلڈکپ مقابلوں 2014، 2018 اور 2022 کے فاتحین کی بالکل درست پیش گوئی کر چکا ہے جس سے اس کی ساکھ بڑھی ہے۔

جواکیم کلیمنٹ کا یہ شماریاتی ماڈل صرف کھیل کی کارکردگی پر نہیں بلکہ فی کس جی ڈی پی، آبادی، فیفا رینکنگ، موسم اور ہوم گراؤنڈ جیسے عوامل پر مبنی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ماڈل میں فٹ بال کی غیر یقینی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

ڈیجیٹل سمولیشن کے مطابق امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کا فائنل ہالینڈ اور پرتگال کے درمیان ہوگا۔ 

یہ دونوں ایسی ٹیمیں ہیں جنہوں نے آج تک فٹ بال کی تاریخ میں کبھی بھی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام نہیں کیا۔

اس ماڈل نے بڑے اپ سیٹس کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس کے مطابق دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو کوارٹر فائنل میں پرتگال کے ہاتھوں شکست ہوگی۔ 

اس میچ کو میسی اور رونالڈو جیسے ستاروں کے درمیان آخری بڑے ٹکراؤ کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی اور ہالینڈ کی ٹیم کی ممکنہ فتح کی عکاسی
ہالینڈ کی قومی ٹیم اس سے پہلے کبھی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی (فوٹو: رائٹرز)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کی ٹیم راؤنڈ آف 16 میں جاپان کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔

اسی طرح انگلینڈ اور اسپین کی ٹیمیں سیمی فائنل کے مرحلے میں شکست کا سامنا کریں گی۔

علاوہ ازیں  ہالینڈ کے لیے فائنل تک کا سفر انتہائی مشکل ہوگا کیونکہ اسے ناک آؤٹ مرحلے میں مراکش، کینیڈا، فرانس اور اسپین جیسی مضبوط ٹیموں کو ہرانا پڑے گا۔ 

ان تمام رکاوٹوں کو عبور کرنے کے بعد ہی ہالینڈ کی ٹیم فائنل میں پرتگال کا سامنا کرے گی۔

ماہر جواکیم کلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ان کا ماڈل ٹیموں کی کارکردگی کے 55 فیصد اسباب کی وضاحت کرتا ہے، جبکہ بقیہ 45 فیصد حصہ قسمت اور کھیل کے دوران پیش آنے والے اچانک واقعات پر منحصر ہوتا ہے جو فٹ بال کا خاصہ سمجھے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ ہالینڈ ٹیم اب تک 3 بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے لیکن اسے ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ہالینڈ کو 1974 جرمنی، 1978 ارجنٹائن اور 2010 میں اسپین کے ہاتھوں فائنل مقابلوں میں شکست ہوئی تھی۔

فائنل کے علاوہ ہالینڈ کی ٹیم 1998 کے ورلڈ کپ میں چوتھے نمبر پر رہی تھی جبکہ 2014 کے عالمی کپ میں اس نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ 

اب شماریاتی ماڈل کے مطابق ہالینڈ کی ٹیم اپنی پرانی تاریخ بدلنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔