مملکت کے غیر تیل (نان آئل) نجی شعبے میں اپریل کے دوران تیزی دیکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق نئے کاروباری حجم میں اضافے اور جاری منصوبوں میں پیش رفت کے باعث کمپنیوں کی پیداواری شرح میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ریاض بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ’پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس‘ (PMI) اپریل میں 51.5 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جبکہ مارچ میں یہ 48.8 پوائنٹس تھا۔
واضح رہے کہ 50 پوائنٹس کی سطح بڑھوتری اور گراوٹ کے درمیان حد فاصل سمجھی جاتی ہے۔ تازہ سروے کے مطابق کمپنیوں نے آئندہ برس کے لیے کاروباری توقعات میں معمولی بہتری کی نشاندہی بھی کی ہے۔
چیلنجز اور رکاوٹیں
مملکت میں مجموعی طور پر کارباری سرگرمیوں کے حوالے سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات بدستور نمایاں ہیں۔
صارفین کی جانب سے اخراجات روکنے اور شپنگ کے نظام میں خلل نے سپلائی چین کو شدید متاثر کیا ہے۔
اپریل کے دوران غیر تیل کمپنیوں کو لاگت کے بوجھ میں تیزی سے اضافے کا سامنا رہا، جس کی بنیادی وجہ علاقائی صورتحال کے باعث خام مال اور ترسیل (فریٹ) کے نرخوں میں اضافہ ہے۔
سروے کے مطابق اس دورانیے میں پیداواری لاگت میں ریکارڈ سطح کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں فروخت کی قیمتوں میں بھی تقریباً تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق تازہ ترین اعداد و شمار مارچ میں مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد کاروباری حالات میں معمولی بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔
طلب اور فروخت کی صورتحال
رپورٹ کے مطابق غیر تیل کمپنیوں کو موصول ہونے والے نئے آرڈرز میں مارچ کی گراوٹ کے بعد اپریل میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ صارفین کی تعداد میں اضافے اور طلب بڑھنے سے تجارتی سرگرمیوں کو تقویت ملی ہے۔
تاہم فروخت کی شرح میں اضافہ نسبتاً معتدل رہا، کیونکہ صارفین کی جانب سے خریداری اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں احتیاط برتی گئی ہے۔
سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مقامی سطح پر فروخت میں بہتری دیکھی گئی ہے، تاہم برآمدی آرڈرز میں کمی کی رفتار سروے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔
مجموعی طور پر مارچ میں گراوٹ کے بعد اپریل میں کاروباری سرگرمیاں دوبارہ اضافے کی جانب گامزن رہیں۔اگرچہ یہ رفتار تاریخی معیارات کے مقابلے میں اب بھی سست ہے۔
سروے میں شامل کمپنیوں کے مطابق پیداوار میں اضافے کا تعلق جاری منصوبوں میں پیشرفت اور آرڈر بک میں معمولی بہتری سے ہے۔