اہم خبریں
7 May, 2026
--:--:--

سوڈان کی نوبیا جھیل سبز ہوگئی، پُراسرار تبدیلیوں سے نئے خطرات لاحق

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
نوبیا جھیل کا بحران اور پانی پر سبز رنگ کی تہہ کے مناظر
پانی کی سطح مکمل طور پر گہرے سبز رنگ کی دبیز تہہ میں تبدیل ہو چکی ہے (فوٹو: العربیہ)

سوڈان کی نوبیا جھیل حالیہ دنوں میں ایک تشویشناک ماحولیاتی صورتحال سے دوچار ہے، جہاں پانی کی سطح مکمل طور پر گہرے سبز رنگ کی دبیز تہہ میں تبدیل ہو چکی ہے۔

مزید پڑھیں

ماہرین کے مطابق یہ غیر معمولی تبدیلی آبی حیات کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، جس نے پورے خطے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

نوبیا جھیل، جو سوڈانی حدود میں جھیل ناصر کا جنوبی توسیعی حصہ ہے، ملک کے اہم ترین آبی ذخائر میں شمار ہوتی ہے۔ دسیوں کلومیٹر طویل یہ جھیل ہزاروں مقامی افراد کے لیے پینے کے پانی، ماہی گیری اور ذریعہ معاش کا بنیادی مرکز ہے۔

پراسرار موت اور حفاظتی اقدامات

جھیل میں حالیہ تبدیلی سے 2 ہفتے قبل مچھلیوں کی پراسرار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

بعد ازاں انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر نوبیا جھیل کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے اور ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے انسانی نقصان سے بچا جا سکے۔

نوبیا جھیل کا بحران اور پانی پر سبز رنگ کی تہہ کے مناظر
جھیل میں حالیہ تبدیلی سے 2 ہفتے قبل مچھلیوں کی پراسرار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں (فوٹو: العربیہ)

وادی حلفا پر اثرات

موجودہ صورت حال سے دارالحکومت خرطوم سے 900 کلومیٹر شمال میں واقع وادی حلفا کے مکین شدید متاثر ہوئے ہیں۔

حکام نے احتیاطی تدبیر کے طور پر وادی حلفا کے واٹر اسٹیشن کو بند کر دیا ہے، جس سے ہزاروں شہریوں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کی تشویش

شمالی ریاست میں لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کونسل کے سیکرٹری جنرل الطیب حبیب اللہ کے مطابق ’خور موسیٰ پاشا‘ کے علاقے میں یہ تبدیلی غیر معمولی ہے۔

ماہرین اسے ’ماحولیاتی دم گھٹنے‘ کی کیفیت قرار دے رہے ہیں، جس کا تعلق پانی میں موجود کیمیائی مواد یا نامیاتی آلودگی سے ہو سکتا ہے۔

کان کنی سرگرمیاں

مقامی سطح پر یہ خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ دریا کے قریب غیر منظم کان کنی اور اس سے متعلق سرگرمیوں کے نتیجے میں مضر کیمیائی مادے پانی میں شامل ہو رہے ہیں۔

اگرچہ اس کی تصدیق نہیں ہوئی، مگر ماحولیاتی ماہرین اسے بڑے بحران کا ممکنہ سبب قرار دے رہے ہیں۔

فی الحال سوڈانی حکام نے تکنیکی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو پانی کے نمونوں کا تجزیہ کر رہی ہیں۔ 

یہ ’سبز بحران‘ محض ایک قدرتی تبدیلی ہے یا انسانی مداخلت کا نتیجہ، اس کا حتمی فیصلہ آنے والی حتمی تحقیقاتی رپورٹ ہی کر سکے گی، تب تک نوبیا جھیل بدستور بند رہے گی۔