متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ آج پیر کو ایرانی حملوں کے تازہ سلسلے میں اس کے فضائی دفاعی نظام نے 12 بیلسٹک میزائلوں، 3 کروز میزائلوں اور 4 ڈرونز کو ناکام بنایا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد درمیانے درجے کے زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کی جانب سے امارات پر حملوں کے آغاز سے اب تک فضائی دفاعی نظام مجموعی طور پر 549 بیلسٹک میزائلوں، 29 کروز میزائلوں اور 2260 ڈرونز کا مقابلہ کر چکا ہے۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق وزارتِ دفاع نے زور دے کر کہا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے، اور ریاست کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا تاکہ خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے ان ایرانی دہشت گردانہ اور
بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 بھارتی شہری زخمی ہوئے۔
وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملے خطرناک اشتعال انگیزی، ناقابلِ قبول جارحیت اور ریاست کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں، جو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کے خلاف ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ان حملوں کے جواب کا مکمل اور جائز حق محفوظ رکھتا ہے تاکہ اپنی سرزمین، شہریوں، مقیم افراد اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، جیسا کہ بین الاقوامی قانون میں مقرر ہے۔