ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی سیاحتی معیشت کے طور پر ابھر چکا ہے، جہاں 2025 میں سفر و سیاحت کے شعبے کا مجموعی حجم تقریباً 178 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ حجم خطے کی مجموعی سیاحتی معیشت کا تقریباً 46 فیصد بنتا ہے، جو سعودی عرب کی نمایاں برتری کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
اقتصادی اثرات سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 کے دوران سیاحت کا شعبہ سعودی مجموعی پیداوار میں 7.4 فیصد کی شرح سے بڑھا، جو عالمی اوسط 4.1 فیصد سے تقریباً دوگنا ہے، جبکہ یہ شرح مشرقِ وسطیٰ کی اوسط 5.3 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔
یہ اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ سعودی عرب خطے کی تیز ترین ترقی کرتی سیاحتی مارکیٹ بن چکا ہے، اور یہ پیش رفت
وژن 2030 کے تحت جاری وسیع معاشی و سماجی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ میں کاروباری سرگرمیوں کو سیاحت کے فروغ کا ایک اہم محرک قرار دیا گیا ہے، جہاں سعودی عرب تیزی سے عالمی کانفرنسز، نمائشوں اور بڑے بین الاقوامی ایونٹس کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
مزید برآں، 2025 میں مملکت میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی مجموعی تعداد 123 ملین تک پہنچ گئی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سعودی عرب ایک ابھرتی ہوئی عالمی سیاحتی منزل کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کر رہا ہے۔