یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کم لاگت والے ڈرونز کی مشترکہ تیاری پر کام کرے گا۔
مزید پڑھیں
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کم لاگت والے ڈرونز کی مشترکہ تیاری پر کام کرے گا۔
العربیہ کے مطابق یوکرینی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سعودی عرب، قطر اور امارات کے ساتھ ہونے والے عسکری معاہدوں میں ڈرونز کی تیاری کے علاوہ ان کے لیے معاون سافٹ ویئر کی فراہمی اور
استعمال کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی پروگرام بھی شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان مفاہمتوں کو مستقبل میں نجی اور سرکاری شعبوں کے ساتھ باضابطہ معاہدوں کی شکل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور یوکرین کے درمیان دفاعی خریداریوں سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔
یہ پیش رفت سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی تھی، جس کے لیے یوکرینی صدر نے مملکت کا دورہ کیا تھا۔
صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم نے دونوں ممالک کی وزارت دفاع کے درمیان تعاون سے متعلق ایک اہم معاہدہ طے کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دستاویز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہماری ملاقات سے قبل دستخط کی گئی۔
یہ معاہدہ مستقبل کے ٹھیکوں، تکنیکی اشتراک اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا اور عالمی سطح پر سیکیورٹی فراہم کرنے والے ایک اہم شراکت دار کے طور پر یوکرین کے کردار کو مزید مستحکم کرے گا۔
اس معاہدے پر سعودی وزارت دفاع کی جانب سے اسسٹنٹ وزیر دفاع برائے ایگزیکٹو امور ڈاکٹر خالد البیاری اور یوکرینی وزارت دفاع کی جانب سے یوکرینی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اینڈی ہناتوف نے دستخط کیے۔