بحرین علاقہ الصخیر میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ماں باپ جاں بحق ہو گئے جن کی عمریں بالترتیب 31 اور 29 سال تھیں جبکہ ان کی 8 سالہ بیٹی بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گئی۔
حادثے میں متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
حادثہ دو گاڑیوں کے آمنے سامنے تصادم کے باعث پیش آیا۔
مزید پڑھیں
دستیاب معلومات کے مطابق یہ خاندان حادثے سے قبل صحرا میں سیر و تفریح کے لیے نکلا ہوا تھا تاہم ان کے پُرسکون لمحات ایک دلخراش سانحے میں بدل گئے۔
حادثے کے نتیجے میں والدین اور ان کی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جس سے اہلِ خانہ اور واقعے کی تفصیلات جاننے والوں میں گہرے صدمے اور شدید غم کی فضا چھا گئی۔
اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے فوری طور پر موقع پر کارروائی کا آغاز کیا۔ ایمبولینس، سول ڈیفنس اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، مقام کو محفوظ بنایا گیا اور ٹریفک کی روانی کو منظم کیا گیا۔
زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے کی وجوہ اور حالات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئیں۔