سعودی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپنے صارفین کو بعض خدمات سے متعلق فیسوں میں ہونے والی تازہ کمی سے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
ان خدمات میں اکاؤنٹس، کارڈز، رقوم کی منتقلی، مالیاتی مصنوعات اور دیگر خدمات شامل ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق نئی فیسیں اب نافذ العمل ہوں گی۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ سعودی سینٹرل بینک ’ساما‘ نے مالیاتی اداروں کی خدمات کے نئے نرخنامے کا اجرا کیا ہے، جو اس وقت رائج بینکاری نرخنامے کی جگہ لے گا۔
مالیاتی اداروں کی خدمات کے اس نرخنامے کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے تاکہ مالیاتی اداروں کی خدمات اور مصنوعات مناسب اور منصفانہ فیسوں کے ساتھ فراہم کی جا سکیں۔
اس کے ساتھ ساتھ شفافیت کی سطح کو بلند کرنا، مالیاتی شعبے میں اعتماد کو مضبوط بنانا، الیکٹرانک چینلز کے ذریعے خدمات کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کی حمایت کرنا اور مالیاتی اداروں کے صارفین کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا بھی اس کے اہم اہداف میں شامل ہے۔
نئے نرخنامے میں متعدد فیسوں میں ترمیم کی گئی ہے، جن میں انفرادی صارفین کو فراہم کی جانے والی کئی مالیاتی خدمات کی زیادہ سے زیادہ فیس میں کمی شامل ہے۔
ان خدمات میں مختلف مالیاتی مصنوعات سے وابستہ انتظامی فیسیں، مدى (Mada) کارڈز کا دوبارہ اجرا، بین الاقوامی سطح پر خریداری اور نقد رقم نکالنے کی کارروائیاں نیز بینک اکاؤنٹس اور الیکٹرانک والٹ سے مالی رقوم کی منتقلی کی فیسیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ نئے نرخنامے میں کئی خدمات کی فیسوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
اب گم شدہ یا خراب شدہ کارڈ کے اجرا کی زیادہ سے زیادہ فیس صرف 10 ریال مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل صارف کو 30 ریال ادا کرنا پڑتے تھے۔
اسی طرح اضافی کارڈ کے اجرا کی فیس بھی زیادہ سے زیادہ 10 ریال کر دی گئی ہے، جو پہلے 30 ریال تھی۔