پاکستان اور مصر کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’تھنڈر-2‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، جو دو ہفتوں تک پاکستان کے پہاڑی علاقے میں جاری رہی۔
یہ علاقہ اپنی دشوار گزار جغرافیائی ساخت کے باعث خصوصی فورسز کی تربیت کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مشق میں پاکستان آرمی کی اسپیشل سروسز گروپ اور مصر کی اسپیشل فورسز کے دستوں نے بھرپور شرکت کی۔
دونوں ممالک کے کمانڈوز نے مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی سے متعلق پیچیدہ آپریشنز، شہری و نیم شہری علاقوں میں کارروائیوں، یرغمالیوں کی بازیابی، خفیہ معلومات کے استعمال، اور فوری ردعمل جیسے اہم پہلوؤں پر عملی مشقیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تعاون، ہم آہنگی اور آپریشنل مہارت کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
اس دوران جدید حربی تکنیک، حکمت عملی اور طریقہ کار کا تبادلہ بھی کیا گیا، جس سے دونوں افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا۔
مشق ’تھنڈر-2‘ نہ صرف انسداد دہشت گردی کے میدان میں عملی مہارت کو بہتر بنانے کا ذریعہ بنی، بلکہ اس نے پاکستان اور مصر کے درمیان دفاعی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کیا، جو مستقبل میں مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔