پاکستانی سرکاری ذریعے نے العربیہ ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوگا اور اس بات کی تصدیق کی کہ امریکا اور ایران کے ابتدائی وفود آج بیک وقت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
پاکستانی سرکاری ذریعے نے مزید کہا کہ فی الحال ہمارے پاس امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔
دریں اثنا سی این این نے اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل بدھ 22 اپریل کی صبح پاکستانی دار الحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے۔
اس سے قبل ایران نے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 11 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا، جس میں ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف جبکہ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس نے کی تھی۔
بعد ازاں تہران اور واشنگٹن دونوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ متعدد اختلافات کے باعث طویل مدتی تصفیے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔