محکمہ موسمیات نے آج ہفتے کو مدینہ منورہ سمیت القصیم، حائل، تبوک، الجوف، شمالی حدود، مشرقی ریجن اور ریاض میں کہیں درمیانی اور کہیں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش توقع کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق موسلادھار بارش سیلابی ریلوں کے بہاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ بارش اولوں کی بوچھاڑ اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہوگی جو گرد و غبار اور مٹی کو اُڑانے کا باعث بن سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
اسی طرح مکہ مکرمہ اور الباحہ کے بعض حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے جبکہ رات کے اوقات اور علی الصبح ان علاقوں کے بعض حصوں میں نیز مملکت کے جنوب مغربی پہاڑی علاقوں کے کچھ حصوں میں دھند بننے کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرۂ احمر میں سطحی
ہوائیں شمالی اور وسطی حصوں میں جنوب مغربی سے شمال مغربی جبکہ جنوبی حصے میں جنوب مشرقی سے جنوب مغربی رہیں گی، جن کی رفتار 20 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور شمالی و وسطی حصوں میں بارش لانے والے گرج چمک کے بادل بننے کی صورت میں رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔