سعودی وزارتِ داخلہ نے 8 ویں سال کے لیے مکہ روٹ اینیشیٹو کو جاری رکھا ہوا ہے جو عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کے پروگرام اور سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے۔
یہ اینیشیٹو 10 ممالک کے 17 ہوائی اڈوں پر نافذ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اینیشیٹو سے فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پاکستان، مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکی، آئیوری کوسٹ، مالدیپ، بنگلہ دیش، سینیگال اور برونائی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
اس اقدام کا مقصد حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے تحت ان کا استقبال ان کے اپنے ممالک میں ہی کیا جاتا ہے اور ان کے تمام سفری و سرکاری امور آسانی سے مکمل کیے جاتے ہیں۔
اس عمل میں بایومیٹرک ڈیٹا لیا جاتا ہے، حج ویزا الیکٹرانک طور پر جاری کیا جاتا ہے اور روانگی کے ایئرپورٹ پر امیگریشن کے مراحل مکمل کیے جاتے ہیں، بشرطیکہ صحت کے تمام تقاضے پورے ہوں۔
مزید برآں، سامان کو سعودی عرب میں رہائش اور نقل و حمل کے نظام کے مطابق ترتیب دے کر ٹیگ کیا جاتا ہے، تاکہ وہ براہِ راست حجاج کی رہائش گاہوں تک پہنچ سکے۔
اس کے بعد حجاج کو مخصوص بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کی رہائش تک پہنچایا جاتا ہے، جبکہ ان کا سامان متعلقہ ادارے الگ سے پہنچاتے ہیں۔
یہ اینیشیٹو 2017 میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک لاکھوں حجاج اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔